news
English

’وارنر سرکس‘ اب سڈنی میں آخری مرتبہ کرتب دکھائے گی  

وارنر جہاں بھی جارہے ہیں انھیں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے، پیٹ کمنز۔

’وارنر سرکس‘ اب سڈنی میں آخری مرتبہ کرتب دکھائے گی  

ٹیم آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ ’وارنر سرکس‘ اب سڈنی میں آخری مرتبہ کرتب دکھائے گی۔ 
کینگروز کے اوپننگ بلے باز اور ٹیم آسٹریلیا کے سابق کپتان ڈیوڈ وارنر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے ہیں اور ممکنہ طور پر پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی ٹیسٹ ان کے کرکٹ کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا۔
اس حوالے سے آسٹریلوی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ’وارنر سرکس‘ اب سڈنی میں آخری مرتبہ کرتب دکھائے گی، کیونکہ اوپنر ڈیوڈ وارنر سڈنی ٹیسٹ کے بعد ہمیشہ کے لیے طویل فارمیٹ کی کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے، اگرچہ وہ میلبورن میں اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں صرف 6 رنز پر آؤٹ ہوئے تھے تاہم کراؤڈ نے نشستوں سے اٹھ کر انھیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ 
پیٹ کمنز نے کہا کہ وارنر جہاں بھی جارہے ہیں انھیں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے، اب ’ڈیوڈ سرکس‘ یا کچھ بھی آپ کہیں وہ سڈنی میں بھی اپنا جلوہ دکھائے گی۔ 
آسٹریلوی ٹیسٹ اوپننگ، بینکرافٹ، ڈیوڈ وارنر کے جانشین بننے کے لیے پُرامید: 
آسٹریلوی بیٹر کیمرون بینکرافٹ کا اصرار ہے کہ اوپنر کی پوزیشن اسپیشل ہوتی ہے، وہ ڈیوڈ وارنر کی جگہ ملکی ٹیم میں اس پوزیشن کو پانے کے لیے پُرامید ہیں، انھوں نے کہا کہ بطور اوپنر کھیلنے کا تجربہ اس ذمہ داری کے لیےنہایت اہم ہوگا۔ 
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان سے تیسرے اور آخری سڈنی ٹیسٹ کے لیے 13 رکنی اسکواڈ کو ہی برقرار رکھاہے، تاہم وارنر کے سڈنی ٹیسٹ کے بعد ریڈبال کرکٹ سے ریٹائر ہونے پر بینکرافٹ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بطور اوپنر موقع ملنے کے لیے پرامید ہیں، 17 جنوری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے قبل ملکی سلیکٹرز نے ٹیم آسٹریلیا کے نئے اوپنر کا انتخاب کرنا ہے۔