news
English

کاؤنٹی چیمپئن شپ 2024ء کے لیے حسن علی دوبارہ وارکشائر میں شامل

حسن علی نے پچھلے کائونٹی چیمپیئن شپ کے 6 میچز میں مخالفین کی 24 وکٹیں اڑائیں اور ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

کاؤنٹی چیمپئن شپ 2024ء کے لیے حسن علی  دوبارہ وارکشائر میں شامل

پاکستانی ٹیم کے پیسر نے 2023ء میں کائونٹی چیمپیئن شپ کے 6 میچز میں مخالف ٹیموں کی 24 وکٹیں اڑائیں اور ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں، وارکشائر نے کاؤنٹی چیمپئن شپ 2024ء کے لیے حسن علی کو دوبارہ اپنا حصہ بنالیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی کاؤنٹی کرکٹ میں واپسی کے لیے تیاری کر رہے ہیں کیونکہ وارکشائر اور برمنگھم بیئرز کے ساتھ ان کی وابستگی کو رینیو کیا جا رہا ہے۔
حسن علی جولائی کے اختتام تک کاؤنٹی چیمپئن شپ اور ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں حصہ لیں گے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا نواں سیزن ختم ہونے کے بعد حسن علی مارچ کے آخر میں کلب میں شامل ہوں گے۔ 
ایک مقامی میڈیا چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے میں اپنے دوسرے گھر میں کھیل رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "میں واپس آنے کا انتظار نہیں کر سکتا، وارکشائر ان بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے جن کے ساتھ میں نے اپنے کیریئر کی بہترین کرکٹ کھیلی ہے، ماحول اچھا ہے، ہم شاندار کرکٹ کھیلتے ہیں اور لڑکے بہت باصلاحیت ہیں۔،، 
حسن علی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اس حوالے سے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔ ابتدائی طور پر 2022 میں لنکا شائر کے ساتھ انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں شامل ہونے کے بعد حسن علی نے 2023ء میں 6 چیمپئن شپ گیمز میں 24 وکٹیں اور ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں اضافی نو وکٹیں لی تھیں۔
وارکشائر کے ہیڈ کوچ مارک رابنسن نے ٹیم اور کلب کے لیے اس شاندار اپ ڈیٹ پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حسن اپنے بے پناہ جوش و جذبے کے ساتھ اپنے آس پاس کے تمام لوگوں کے لیے ڈریسنگ روم اور فیلڈ دونوں جگہ پر ماحول میں حقیقی جوش و جذبے سے کام کرتا ہے، ہمیں وارکشائر میں اس کی واپسی سے بے حد خوشی ہے۔،،
بھارت میں جاری 2023ء کے ورلڈ کپ میں، حسن علی پاکستانی اسکواڈ کے اہم رکن ہیں اور انہوں نے چھ میچوں میں نو وکٹیں حاصل کی ہیں۔ واضح رہے کہ حسن علی نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے 66ویں میچ میں اپنی 100ویں ون ڈے وکٹ حاصل کی جس کے بعد وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے چھٹے تیز ترین پاکستانی بولر بن گئے۔