news
English

وسیم اکرم کا پی سی بی کے نو تعینات عہدیداروں کو ’بہادر بننے‘ کا مشورہ

وسیم اکرم نے خاص طور پر پی سی بی کی نو منتخب قیادت کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان میں صبر اور بہادری کے ساتھ فیصلہ کن رویے کے اظہار کی ضرورت ہے۔

وسیم اکرم کا پی سی بی کے نو تعینات عہدیداروں کو ’بہادر بننے‘ کا مشورہ

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے پی سی بی کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض کو ہدایت کی ہے کہ بہادر بنو اور اپنے فیصلوں پر قائم رہو۔ 
وسیم اکرم نے خاص طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی نو منتخب قیادت کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان میں صبر اور بہادری کے ساتھ فیصلہ کن رویے کے اظہار کی ضرورت ہے، قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہر تین منٹ بعد پریس کانفرنس نہ کریں، اگر آپ نے کوئی فیصلہ کیا ہے تو آپ کو اس کے نتائج سے آگاہ ہونا چاہیے۔ 
سابق پاکستانی فاسٹ بولر وسیم اکرم نے پی سی بی کے نئے ممبران پر زور دیا کہ وہ جو فیصلے کریں ان پر قائم رہیں ۔ 1996ء اور 1999ء کے ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے وسیم اکرم نے محمد حفیظ، وہاب ریاض اور حال ہی میں ریٹائر ہونے والے دیگر کرکٹرز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جنہوں نے قومی کرکٹ کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنی ایک ویڈیو میں وسیم اکرم نے کہا کہ "پاکستانی ٹیم آسٹریلیا پہنچ چکی ہے، ان کے لیے نیک تمنائیں، خاص طور پر نئے لڑکوں کے لیے، نئے لڑکوں سے میرا مطلب ہے محمد حفیظ جو ٹیم ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ ہیں، وہاب ریاض بطور چیف سلیکٹر، کامران اکمل اور دیگر شامل ہوئے ہیں، انہیں وقت دیں”۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ “وہ موجودہ کرکٹرز ہیں، یہ ان کا وقت ہے۔ آئیے انہیں ایک سال دیں اور ایک نصیحت کریں کہ ہر تین منٹ بعد پریس کانفرنس نہ کریں، اپنے فیصلوں پر قائم رہیں اگر آپ نے کوئی فیصلہ کیا ہے تو آپ کو اس کے نتائج سے آگاہ ہونا چاہیے، اگر آپ کا دماغ پریشان ہے تو ٹیم کا دماغ بھی ایسا ہی ہوگا۔ اس لیے اپنے فیصلے پر قائم رہو اوربہادر بنو"
بائیں ہاتھ کے سابق فاسٹ بولر نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں تاہم گمان کیا جارہا ہے کہ وہ سابق کرکٹر سلمان بٹ کو عہدے سے ہٹانے کے بارے میں بات کر رہے تھے جنہیں ان کی چیف سلیکٹر کے مشیر کے طور پر تقرری کے صرف دو دن بعد ہٹا دیا گیا تھا۔