news
English

وسیم اکرم کا ذاتی مصروفیات کے باعث پی سی بی میں عہدہ لینے سے انکار

پاکستان کرکٹ کو جب بھی میری ضرورت ہوئی، میں بلامعاوضہ بھی دستیاب ہوئوں گا، وسیم اکرم

وسیم اکرم کا ذاتی مصروفیات کے باعث پی سی بی میں عہدہ لینے سے انکار

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی۔ 
ذرائع کے مطابق سابق کپتان وسیم اکرم کو چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) یا چیئرمین کا مشیر بننے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن وہ اپنی ذاتی اور دیگر مصروفیات کے سبب کْل وقتی ملازمت کے لئے دستیاب نہیں ہیں، ان کے انکار پر ہی وقار یونس کا تقررکیا گیا۔ 
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی وفاقی وزیر داخلہ بھی ہیں، اکثر ان پر یہ تنقید سامنے آتی ہے کہ دو عہدوں کی وجہ سے کرکٹ کو زیادہ وقت نہیں دیتے، اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے انھوں نے کھیل کے معاملات کسی سابق کرکٹر کو سونپنے کا فیصلہ کیاتھا، ذرائع نے بتایا کہ چند روز قبل محسن نقوی نے وسیم اکرم سے رابطہ کر کے کہا کہ وہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر یا ان کے مشیر کی پوسٹ سنبھال لیں، یہ کْل وقتی ملازمت ہوگی، تمام کرکٹنگ امور انہی کو دیکھنے ہوں گے۔  
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان نے چیئرمین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب مستقل طور پر کراچی میں مقیم ہیں، فیملی کی وجہ سے اکثر آسٹریلیا بھی جانا پڑتا ہے، ان کیلئے لاہور میں دوبارہ رہائش پذیر ہونا اب ممکن نہیں، البتہ جب بھی پاکستان کرکٹ کو ان کی ضرورت ہوئی وہ بلامعاوضہ بھی دستیاب ہوں گے۔ 
چیئرمین پی سی بی نے ان سے اپنے مستقبل کے پلانز بھی شیئر کیے جس سے وسیم اکرم خاصے متاثر نظر آئے، بورڈ حکام نے اس کے بعد وقار یونس سے رابطہ کیا جو ذمہ داری سنبھالنے پر آمادہ ہوگئے، وہ بھی فیملی کے ہمراہ آسٹریلیا میں رہتے ہیں، البتہ کچھ عرسہ قبل انھوں نے کہا تھا کہ وہ دوبارہ لاہور منتقل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں، ان کی چیئرمین پی سی بی سے ہونے والی ملاقات میں معاملات پر تبادلہ خیال ہوا، البتہ اب تک بورڈ نے تقرری کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا ہے۔  
اس سے قبل بھی وقار یونس مختلف حیثیتوں میں پی سی بی کے ساتھ منسلک رہ چکے ہیں مگر ہر بار اختتام ناخوشگوار انداز میں ہوا۔ 
یاد رہے کہ نئے آئین میں سی ای او کی پوسٹ موجود نہیں ہے، البتہ اس میں تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔