قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے خلاف پروگرام ’دی پویلین‘ میں تبصرہ پڑھ کر غصے میں آگئے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران نجی ٹی وی کے پروگرام دی پویلین میں میزبان فخر عالم، سابق کپتان وسیم اکرم، وقار یونس، شعیب ملک اور سابق کوچ مصباح الحق میچ پر تبصرے کرتے رہے اور کھلاڑیوں کی غلطیوں کی نشاندہی بھی کی۔
اس دوران وسیم اکرم نے شاہین آفریدی کے خلاف ایک سوشل میڈیا صارف کا تبصرہ پڑھنے سے گریز کیا اور شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے صارف پر برس پڑے۔
سوئنگ کے سلطان نے صارف سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’تم نے جو بدتمیزی کی ہے اسے میں پڑھ کر بھی نہیں سنا سکتا میری یہ خواہش ہے کہ کاش تم میرے سامنے ہوتے۔‘
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ ’تمہیں کسی بڑے چھوٹے کی تمیز نہیں ہے، اپنے ہی کھلاڑیوں کا تمسخر اڑا رہے ہو۔‘
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل کے دوران شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری کی وجہ سے دوران میچ گرائونڈ سے باہر چلے گئے تھے جبکہ انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
گزشتہ روز پی سی بی نے فاسٹ بولر کی انجری سے متعلق بتایا تھا کہ ’شاہین کو ڈاکٹرز نے دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، انہیں کوئی انجری نہیں ہے بس گھٹنے میں کھنچاؤ آیا ہے وہ وطن واپسی پر ری ہیب مکمل کریں گے۔