news
English

پاکستان کرکٹ کی تاریخ پرپی سی بی کی ویڈیو دیکھ کروسیم اکرم سکتے میں آگئے

پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں کرکٹ کے نامور ستارے نمایاں طور پر غائب تھے۔

پاکستان کرکٹ کی تاریخ پرپی سی بی کی ویڈیو دیکھ کروسیم اکرم سکتے میں آگئے

پاکستان کے سابق لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے 76ویں یوم آزادی پر جاری ہونے والی پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر مبنی ویڈیو دیکھنے کے بعد گہرے دکھ اورمایوسی کا اظہار کیا ہے۔ 
ایک حالیہ ٹویٹ میں جس نے بڑے پیمانے پر توجہ حاصل کی، وسیم اکرم نے کرکٹ کے لیجنڈ اور 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان عمران خان کو ویڈیو سے ہٹانے پر تنقید کرتے ہوئے، پی سی بی پر زور دیا کہ وہ نگرانی کے عمل کو درست کرے اور معافی مانگے۔ 
سوئنگ کے سلطان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ "سری لنکا پہنچنے سے پہلے طویل پروازوں اور گھنٹوں کی ٹرانزٹ کے بعد، مجھے اپنی زندگی کا بدترین جھٹکا اس وقت لگا جب میں نے پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے بارے میں پی سی بی کا مختصر کلپ، عظیم عمران خان کے بغیر دیکھا، سیاسی اختلافات کے علاوہ عمران خان عالمی کرکٹ کا ایک آئکون ہیں اور انہوں نے اپنے دور میں پاکستان کو ایک مضبوط یونٹ کے طور پر تیار کیا اور ہمیں ایک راستہ دیا، پی سی بی کو یہ ویڈیو ڈیلیٹ کرنی چاہیے اور معافی مانگنی چاہیے‘‘ 
ملک کے 76 ویں یوم آزادی پر، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک جشن کی ویڈیو جاری کی جس میں کرکٹ کے لیجنڈز کو دکھایا گیا جنہوں نے پاکستان کرکٹ کو دنیا بھر میں شہرت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ ویڈیو ان تمام لیجنڈری کرکٹ اسٹارز کو پیش کیا گیا خراج تحسین تھا جنہوں نے پاکستان میں کرکٹ کی تاریخ کو تشکیل دینے میں مدد کی، تاہم، پی سی بی کو عمران خان سمیت دیگر اسٹارز کو نہ دکھانے پر شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔