سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو خبردار کردیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے دورہ آسٹریلیا کیلئے ٹیسٹ سیریز میں شرکت سے انکار کرنے والے فاسٹ بولر حارث رؤف کو خبردار کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق کپتان وسیم اکرم نے فاسٹ بولر حارث رؤف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اس کھیل میں عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ بنانا چاہتے ہیں تو انہیں اپنے اوپر ذمہ داری لینا ہوگی اور ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا معمولی بات نہیں، ٹی20 فارمیٹ بہت آسان ہے، جہاں آپکو محض 4 اوورز کرنے ہوتے ہیں لیکن ٹیسٹ فارمیٹ میں آپکو کم از کم 8 اوورز کا اسپیل کرنا ہوتا ہے جس سے بولر کی صلاحیتوں اور فٹنس کا پتہ چلتا ہے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ سال 1995 کے بعد سے پاکستان نے آسٹریلیا میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا، نئے کپتان اور نئی مینجمنٹ کیساتھ ٹیم کو ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دعویٰ کیا تھا کہ حارث رؤف نے میلبرن اسٹارز کے ساتھ بگ بیش لیگ کرکٹ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا، جس پر کئی سابق کرکٹرز نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ بورڈ نے انہیں بگ بیش لیگ کیلئے بھی مشروط این او سی جاری کیا تھا۔
بعدازاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سخت ایکشن لیتے ہوئے حارث رئوف کو شوکاز نوٹس بھیجا تھا اور ان سے پوچھا گیا تھا کہ انہوں نے کیوں دورہ آسٹریلیا کیلئے ملک نمائندگی کو ترجیع نہیں دی؟
جس پر حارث رئوف نے جواب دیا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تیاری ہی نہیں کی جس کی وجہ سے دورہ آسٹریلیا سے دستبرداری اختیار کی۔
یاد رہے کہ حارث رئوف نے گزشتہ سال دسمبر میں انگلینڈ کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور محض 13 اوورز کروانے کے بعد وہ انجری کا شکار ہوگئے تھے۔