news

سوئنگ کے سلطان کی انگلینڈ کے کھلاڑیوں پر کڑی تنقید

وسیم اکرم نے آئی پی ایل پر پاکستان سیریز کو ترجیح دینے پر انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

سوئنگ کے سلطان کی انگلینڈ کے کھلاڑیوں پر کڑی تنقید

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آغاز آج سے لیڈز میں ہوگا، تاہم قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے آئی پی ایل پر پاکستان سیریز کو ترجیح دینے والے انگلش کھلاڑیوں پر کڑی تنقید کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کئی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائزز کو اسٹار پاور کھلاڑیوں کے جانے سے نمایاں نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ انگلینڈ کے متعدد کھلاڑی بین الاقوامی وعدوں کی وجہ سے پلے آف سے پہلے ہی وطن واپس روانہ ہو چکے ہیں۔ جوس بٹلر، ول جیکس، ریس ٹوپلی، فل سالٹ، سیم کرن، جونی بیرسٹو اور لیام لیونگ اسٹون جیسے نامور انگلش کرکٹرز پاکستان کے خلاف ہوم ٹی 20 سیریز میں شرکت کے لیے آئی پی ایل چھوڑ چکے ہیں۔ اس فیصلے نے خاص طور پر سابق بھارتی کرکٹرز جیسے سنیل گواسکر اور عرفان پٹھان کی طرف سے کافی تنقید کو جنم دیا ہے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی روانگی کے وقت پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔ عرفان پٹھان نے یہاں تک مشورہ دیا کہ اگر بیرون ملک کھلاڑی آئی پی ایل کے پورے سیزن میں شرکت کرنے سے قاصر ہیں تو انہیں مکمل طور پر شرکت پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔ 
دوسری جانب پاکستانی کرکٹ لیجنڈ وسیم اکرم نے بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا۔ وسیم اکرم نے اسپورٹس کیڈا پر گفتگو کے دوران کہا کہ "اگر آپ تنخواہوں میں کٹوتی کرتے ہیں تو اس سے کسی چیز پر اثر پڑے گا؟، اگر آپ کی ٹیم پلے آف میں پہنچنے کے بعد نہیں جیتتی ہے؟ آپ نے پوری محنت کی اور آخری مرحلے میں آپ کے لڑکے چلے گئے کیونکہ انہیں ملک کے لیے کھیلنا ہے۔ یہ مناسب نہیں ہے۔،، 
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شائقین ٹیم کے مالکان اور کپتانوں کی مایوسی اس وقت محسوس ہوتی ہے جب اہم کھلاڑی ٹورنامنٹ کے اہم مرحلے پر کھیل ادھورا چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ "لہذا، میں عرفان پٹھان کے اس موقف یعنی کھلاڑیوں کے پورے ٹورنامنٹ میں آکر کھیلنے سے اتفاق کرتا ہوں۔"