news
English

وسیم اکرم اورمصباح الحق کو کرکٹ کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم کی مشاورت کے بعد وسیم اکرم اور مصباح الحق کو کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے

وسیم اکرم اورمصباح الحق کو کرکٹ کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ PHOTO: AFP

قومی ٹیم کے سابق کپتانوں وسیم اکرم اور مصباح الحق کو پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ہفتہ کو وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، اس میٹنگ کے دوران کرکٹ کے معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کے لئے سابق ٹیسٹ کرکٹرز پر مشتمل کرکٹ کمیٹی بنانے سمیت متعدد اہم امور پر بات چیت بھی کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف بھی ہیں سے مشاورت کے بعد ماضی کے عظیم کھلاڑیوں وسیم اکرم اور مصباح الحق کو کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ وسیم اکرم پاکستان کی طرف سے104ٹیسٹ، 356 ایک روزہ اور 5 ٹوئنٹی20 میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں، جبکہ مصباح الحق کو گرین شرٹس کی طرف سے 75 ٹیسٹ، 162 ایک روزہ اور 39 ٹوئنٹی20 میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔