news
English

شاہین آفریدی کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے افغان مداح کے ساتھ کیاہوا؟

حکام نے شاہین کی شکایت پر فوری ردعمل کا اظہار کیا، ہیڈ آف سیکیورٹی افغان تماشائی کو اسٹیڈیم سے باہر لے گئے۔

شاہین آفریدی کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے افغان مداح کے ساتھ کیاہوا؟

ڈبلن میں ہونے والے آئرلینڈ کے ساتھ سیریز کے دوسرے ٹی 20 کرکٹ میچ کے موقع پر ایک افغان تماشائی کی جانب سے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے بدتمیزی کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹی 20 میچ کے دوران نازیبا نعرے لگانے والے افغان تماشائی کو شاہین آفریدی نے نظر انداز کیا اور واقعے کے بارے میں سیکیورٹی کو آگاہ کیا۔ جس کے بعد پاکستانی ٹیم انتظامیہ کی جانب سے بھی شکایت کی گئی جس پر سیکیورٹی حکام نے افغان تماشائی کو گراؤنڈ سے باہر نکال دیا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان نے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز1-1 سے برابر کردی ہے۔  
پاکستانی ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بڑے ہدف کے باوجود باآسانی فتح اپنے نام کرلی۔ مہمان ٹیم نے 194 رنز کا ہدف 19 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔ 
گرین شرٹس کی جانب سے فخر زمان نے 40 گیندوں پر 78 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان نے بھی 46 گیندوں پر 75 ناٹ آؤٹ رنز اسکور کیے دونوں بیٹرز نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 140 قیمتی رنز بنائے اور گرین شرٹس کی جیت کی راہ ہموار کی۔ 
جارح مزاج بیٹر اعظم خان نے 10 گیندوں پر 30 رنز کی زبردست اننگز کھیل کر پاکستان کی فتح میں اپنا حصہ ڈالا اور ناقابل شکست رہے۔ 
آئرلینڈ کی جانب سے مارک اڈائر، گراہم ہومے اور بین وائٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد رضوان کو عمدہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ 
اس سے قبل آئرلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے7 وکٹوں کے نقصان پر 193رنز بنائے۔ لورکان ٹکر51 اور ہیری ٹیکٹر32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ گیرتھ ڈیلا نے 28 اور کرٹس کیمفر نے 22 رنز اسکور کیے۔  
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے بہترین بولنگ کراتے ہوئے 4 اوورز میں 49 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عباس آفریدی 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے، محمد عامراور نسیم شاہ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔