news
English

پی ایس ایل 9: میچ کے دوران 'فکسر' کے نعروں پر محمد عامر بھڑک اٹھے

2010 میں، قومی ٹیم کے نوجوان بولر عامر کا شاندار کیرئیر اس وقت شدید متاثر ہوا جب وہ لارڈز میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پھنس گئے۔

پی ایس ایل 9: میچ کے دوران 'فکسر' کے نعروں پر محمد عامر بھڑک اٹھے

پی ایس ایل 9 کے گذشتہ روز ہونے والے میچ میں اس وقت صورتحال گمبھیر ہوگئی جب گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد عامر فکسر کے نعروں پر بھڑک اٹھے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کے دوران گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد عامر اسٹینڈز میں بیٹھے شائقین کی جانب سے فکسر کے نعرے لگانے کے بعد غصے میں آگئے۔ 
کرکٹ کی دنیا میں ہنگامہ خیز سفر کرنے والے محمد عامر اپنے جذباتی رویے کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتے ہیں، گذشتہ روز ہونے والے میچ میں وہ اس وقت مشتعل ہوگئے جب انہیں شائقین میں موجود ایک شخص نے "فکسر" کہا۔ تضحیک آمیز نعروں پر غصے سے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، عامر نے جواب دیا، "کیا آپ اپنے گھر میں یہی سیکھتے ہیں؟" 
اس واقعے نے عامر کے کیریئر کے ایک تاریک باب کی یادیں تازہ کر دیں۔ 2010 میں، اس وقت عامر کے امید افزا کیرئیر میں اس وقت شدید مندی پیدا ہوئی جب وہ لارڈز میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پھنس گئے، جسے ایک برطانوی اخبار کے اسٹنگ آپریشن نے ترتیب دیا تھا۔ اپنے ساتھی محمد آصف اور سلمان بٹ کے ساتھ محمد عامر کو کرکٹ کھیلنے پر پابندی اور جیل کی سزا سمیت سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ 
مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود، عامر نے واقعے کے وقت اپنی کم عمری کی وجہ سے بہت سے لوگوں سے ہمدردی حاصل کی۔ جبکہ پابندی ختم ہونے کے بعد، انہوں نے 2016 میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کی۔ 
غور طلب امر یہ ہے کہ پی ایس ایل کے جاری سیزن 9 میں محمد عامر کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نےسنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کے خلاف آخری گیند پر فتح حاصل کی اور پی ایس ایل سیزن 9 کے پلے آف میں جگہ حاصل کی۔