news

ٹیسٹ سیریزکی تیاری، بابر اعظم کی جِم ٹریننگ کی ویڈیو وائرل

بابر اعظم آج کل شدید اور سخت جم ٹریننگ کے ساتھ بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز کی تیاری کر رہے ہیں۔

ٹیسٹ سیریزکی تیاری، بابر اعظم کی جِم ٹریننگ کی ویڈیو وائرل

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جِم میں سخت جسمانی مشقت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ بابراعظم مستقبل کے چیلنجنگ شیڈول کے مطابق فٹ رہنے کے لیے اپنی لگن کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج کل ضم میں مختلف اور سخت مشقیں کررہے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف اگست میں راولپنڈی میں شروع ہونے والی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل جم ٹریننگ کرنی شروع کردی ہے۔ 
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں ٹرینر کی نگرانی میں مختلف اور سخت قسم کی ورزشیں کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی نے اپنی نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کو فٹنس کے ساتھ مشروط کردیا ہے جو پلیئر کارکردگی اور فٹنس کے معیار پر پورا اترے گا صرف اُسی کو سینٹرل کنٹریکٹ ملے گا۔ 
خیال رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں مایوس کن کارکردگی کے بعد سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کو تاحال سخت تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔