news
English

بابراورشاہین کی ورلڈکپ 2023 سے پہلے بھارت میں اشتہارکی شوٹنگ

کمرشل شوٹ کے دوران بابراعظم اور شاہین آفریدی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دیکھی جاسکتی ہیں۔

بابراورشاہین کی ورلڈکپ 2023 سے پہلے بھارت میں اشتہارکی شوٹنگ

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور پیسر شاہین شاہ آفریدی کی ورلڈ کپ سے قبل بھارت میں اشتہار کے لیے ماڈلنگ اور شوٹ کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔ 
دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ دو روز بعد بھارت میں شروع ہو رہا ہے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور شاہین آفریدی کی میگا ایونٹ سے قبل اشتہار کی ماڈلنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ 
ون ڈے ورلڈ کپ دو روز بعد بھارت میں شروع ہو رہا ہے۔ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے اس رنگا رنگ میلے پر دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں اور تمام ٹیمیں اس میں شرکت کے لیے بھارت میں پڑاؤ ڈال چکی ہیں۔ 
پاکستانی ٹیم بھی بھارت پہنچ چکی ہے جہاں پرتپاک استقبال کے لطف اندوز ہونے کے بعد پہلے وارم اپ میچ میں بڑے اسکور کے ہدف کے دفاع میں ناکامی اور نیوزی لینڈ سے شکست پر قومی ٹیم کا بولنگ اٹیک تنقید کی زد میں ہے، ایسے میں کپتان بابر اعظم اور شاہین آفریدی کی ورلڈکپ سے قبل بھارت میں ایک اشتہار کے لیے کی گئی ماڈلنگ کے چرچے ہو رہے ہیں۔ 
سوشل میڈیا پر اس اشتہار کی شوٹنگ کے چند مناظر وائرل ہو گئے ہیں جس نے شائقین کرکٹ کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرالی ہے۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر وائرل ویڈیوز میں گرین شرٹس کے کپتان قومی ٹیم کی جرسی پہن کر اسکرین پر اپنے مشہور کور ڈرائیو، پُل شاٹ اور اسٹریٹ ڈرائیو کھیلتے دکھائی دیتے ہیں اور آخری شاٹ کے بعد فاتحانہ جمپ بھی لگاتے ہیں،
 لیکن جیسے ہی ٹیک او کے ہوتا ہے تو شوٹنگ اسٹاف کیمرے کے سامنے آتا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ میگا ایونٹ سے متعلق کسی اشتہار کی شوٹنگ کا حصہ ہے۔