news
English

حسن علی کا فیلڈنگ میں ’’فٹبال اسکلز‘‘ کا استعمال، ساتھی کرکٹرزمُسکرا اٹھے

قومی ٹیم کے پیسر حسن علی کی ذہانت بھری فیلڈنگ نے ساتھی کرکٹرز کو مُسکرانے پر مجبور کردیا۔ 

حسن علی کا فیلڈنگ میں ’’فٹبال اسکلز‘‘ کا استعمال، ساتھی کرکٹرزمُسکرا اٹھے

 حیدرآباد دکن میں کھیلے گئے آسٹریلیا کیخلاف وارم اَپ میچ میں قومی ٹیم کے پیسر حسن علی کی ذہانت بھری فیلڈنگ نے ساتھی کرکٹرز کو مُسکرانے پر مجبور کردیا۔ 
منگل کےروز راجیو گاندھی اسٹیڈیم حیدرآباد میں آسٹریلیا کیخلاف ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ کے دوران حسن علی نے باؤنڈری لائن کے قریب فیلڈنگ کا ایسا منفرد مظاہرہ کیا جس نے نہ صرف ساتھی کرکٹرز کو مسکرانے پر مجبور کردیا بلکہ کمنٹیٹرز بھی ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
آسٹریلیا کی اننگز کے 25 ویں اوور میں حارث رؤف کی گیند پر آسٹریلوی بلے باز نے ڈیپ بیک ورڈ پوائنٹ کی طرف شاٹ لگایا تو حسن علی بال کو باؤنڈری کے پار جانے سے روکنے کیلئے بھاگتے ہوئے آئے۔ اس دوران حسن علی بھانپ گئے تھے کہ وہ گیند کو ہاتھ سے نہیں روک سکیں گے لہذا انہوں نے اپنی فٹ بال اسکلز کو استعمال کرتے ہوئے کک لگا کر بال کو باؤنڈری کے باہر جانے سے روک دیا۔ حسن علی اپنی فیلڈنگ کی بدولت دو رنز بچانے میں کامیاب رہے جس پر بابر اعظم کی غیر موجودگی میں کپتانی کرنے والے شاداب خان نے مسکرا کر ان کی کوشش کو سراہا جبکہ حارث رؤف بھی مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔