ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈکےاعلان سے قبل میڈیکل پینل نے حارث رؤف کو ٹیم میں سلیکشن کے لئے فٹ قرار دے دیا۔
قومی ٹیم کے اہم بولرحارث رؤف نے ورلڈ کپ اسکواڈ کے اعلان سے قبل این سی اے میں بولنگ دوبارہ شروع کر دی۔
قومی ٹیم کے باصلاحیت فاسٹ بولرحارث رؤف کو حال ہی میں ختم ہونے والے ایشیا کپ میں بھارت کے ساتھ مقابلے کے دوران جسم کے دائیں حصے میں ہلکی تکلیف شروع ہوئی تھی جو بعد میں بڑھتی گئی اور فاسٹ بولر کے لیے بولنگ کرانا ناممکن ہوگیا۔ تاہم اب یہ اطلاعات ہیں کہ ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈکےاعلان سے قبل میڈیکل پینل نے حارث رؤف کو ٹیم میں سلیکشن کیلئے فٹ قرار دے دیا ہے۔
قومی کرکٹرنے نیشنل کرکٹ اکیڈمی(این سی اے) میں بولنگ کی جہاں میڈیکل پینل نے ان کی بولنگ اور جسمانی فٹنیس کا جائزہ لیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل نے جائزے کے بعد فاسٹ بولر حارث رؤف کو ٹیم سلیکشن کے لیے فٹ قرار دے دیا۔
پی سی بی میڈیکل پینل کی جانب سے فٹ قرار دیے جانے کے بعد حارث رؤف نے بولنگ پریکٹس شروع کردی ہے اور وہ ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ حارث رؤف کو ایشیاکپ کے میچ میں فٹنس مسائل کاسامنا ہوا، انہیں بھارت کےخلاف میچ میں پسلیوں میں تکلیف شروع ہوگئی تھی جس کے باعث وہ سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل کی صورت اختیار کرنے والا اہم میچ نہیں کھیل سکے تھے۔