قومی کرکٹرز نے اس تربیت کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی تیاری کے لیے اہم اقدام قرار دیا ہے۔
قومی کھلاڑیوں کی فٹنس کو پرفیکٹ بنانے کے لیے کاکول اکیڈمی میں لگائے گئے فٹنس کیمپ میں کھلاڑی سخت ٹریننگ کرکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اور نیویز لینڈ کے ساتھ ہونے والی سیریز کی بھرپور تیاریاں کررہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم نے آئندہ چند ماہ میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقدہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کھیلنے کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آئرلینڈ کے ساتھ مختصر دورانیے کی علیحدہ علیحدہ سیریز بھی کھیلنی ہیں جس کے لیے پی سی بی نے بڑا اقدام کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے فوج کے تعاون سے آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ کاکول اکیڈمی، ایبٹ آباد کے پرفضا مقام پر ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا ہے جس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منتخب تمام کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور انسٹرکٹرز کی جانب سے انہیں سخت جسمانی مشقیں کرائی جارہی ہیں۔
یہ فٹنس کیمپ جس کا آغاز 28 مارچ کو ہوا تھا اور 9 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس میں ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان ڈسپلن، ذہنی ہم آہنگی اور ٹیم اسپرٹ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اسٹاف ٹرینر کا کہنا ہے کہ فزیکل ٹریننگ کیمپ میں تمام بڑے کھلاڑی موجود ہیں۔ ہمارا مقصد کھلاڑیوں میں قوت برداشت اور لچک کے معیار کو بہتر بنانا ہے، یہاں کھلاڑیوں کو فزیکل ٹریننگ کے ساتھ ایڈونچر کورسز بھی کرائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب کرکٹرز جو آنے والے بڑے ایونٹ کے لیے بڑی تیاری اور بھرپورمحنت کررہے ہیں جس میں جم کر سخت جسمانی مشقت کے ساتھ کئی مشکل چیلنجز حاصل کرنا بھی شامل ہے اپنی اس ٹریننگ سے بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں اور انہوں نے اس تربیت کو ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے اہم اقدام قرار دے دیا ہے۔
ٹریننگ کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ کاکول میں فزیکل ٹریننگ سے بہت مطمئن ہیں۔ یہاں کا ماحول کافی اچھا ہے۔ ٹرینرز پروفیشنل ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم سب یہاں سے بہت اچھی ٹریننگ لے کر جائیں گے جس سے امید ہے مستقبل میں بہت فائدہ ہوگا۔