news

'چوکلی' کہہ کر پکارے جانے پر ویرات کوہلی ناراض

یہ ناخوشگوار واقعہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران پیش آیا۔

'چوکلی' کہہ کر پکارے جانے پر ویرات کوہلی ناراض

بھارتی اسٹار بلےباز ویرات کوہلی کو سری لنکا میں پریکٹس سیشن کے دوران ایک فین نے ‘چوکلی’ کہہ کر پکارا جس پر کرکٹر ناراض ہوگئے۔ 
یہ ناخوشگوار واقعہ ٹی20 ورلڈکپ فائنل جیتنے کے بعد انکے پہلے میچ سے قبل عین اس وقت پیش آیا جب وہ پریکٹس سیشن میں حصہ لے رہے تھے۔ 
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویرات کوہلی اپنی ٹیم کے ساتھیوں سے بھرے کمرے میں اپنی شیڈو پریکٹس پر توجہ مرکوز کیے ہوئے تھے جب ایک مداح نے ‘چوکلی، چوکلی’ کا نعرہ لگانا شروع کیا۔ 
اس تضحیک آمیز اصطلاح نے فوری طور پر کوہلی کی توجہ مبذول کرالی اور انہوں نے غصے سے مداح کی طرف مڑ کردیکھا، ان کے ردعمل اور چہرے کے تاثرات سے صاف نظر آرہا تھا کہ وہ اس لفظ سے خوش نہیں تھے۔ 
اس طنز پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، کوہلی نے سختی سے جواب دیا، “یہاں نہیں”۔ 
چوکلی’ ایک بول چال کی اصطلاح ہے جسے سوشل میڈیا پر ٹرولز استعمال کرتے ہیں، جس میں کوہلی کی کنیت کو ‘چوکنگ’ کے ساتھ ملایا جاتا ہے۔ 
یہ عرفیت سب سے پہلے 2019 کے ورلڈ کپ سے بھارتی ٹیم کے باہر ہونے کے بعد سامنے آئی تھی، جہاں کوہلی صرف 1 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے، یہ تیسرا موقع تھا جب کوہلی آئی سی سی کے ناک آؤٹ گیم میں صرف1 رن پر آؤٹ ہوئے تھے۔ 
اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف 2015 کے ورلڈکپ میں سیمی فائنل اور پاکستان کے خلاف 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں اسی طرح کے اسکور کے بعد وہ وکٹ گنوابیٹھے تھے۔ 
واضح رہے کہ سری لنکا اور بھارت کے درمیان پہلا ون ڈے 2 اگست کو شیڈول ہے، بعدازاں سیریز کے اگلے دو میچز 4 اور 7 اگست کو کھیلے جائیں گے۔