news
English

شین واٹسن، وسیم جونیئر کو پاکستان کا آندرے رسل بنانے کے خواہاں

کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکےہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ وسیم کے پاس بلے بازی کی حیرت انگیز صلاحیت اور طاقت ہے۔

شین واٹسن، وسیم جونیئر کو پاکستان کا آندرے رسل بنانے کے خواہاں

 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ شین واٹسن نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 میں اپنی ٹیم کو پلے آف مرحلے تک پہنچانے کے لیے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کی آخری گیند پر چھکا لگانے کے بعد آل راؤنڈر محمد وسیم جونیئرکے ہینڈ آئی کوارڈی نیشن اور پاور کی تعریف کی ہے۔ سابق آسٹریلوی کھلاڑی نے وسیم جونیئر کے آل راؤنڈ کھیل پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ وہ کس طرح نوجوان پلیئر کو ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل کی طرح بہترین آل رائونڈر بنا سکتے ہیں جنہیں پاور ہٹنگ کے لیے جانا جاتا ہے اور وہ ایک بہترین فاسٹ بولر بھی ہیں۔ 
شین واٹسن نے میچ کے بعدمیڈیا سے بات چیت میں کہا کہ "ہم پہلے گیم سے ہی محمد وسیم جونیئر سے بات کر رہے ہیں کہ وہ جتنا ممکن ہو سکے اپنی گیم کھیلیں۔ اس کے پاس حیرت انگیز ہینڈ آئی کوارڈی نیشن اور طاقت ہے اس لیے اسے صرف کریز پر جم کر کھڑے رہنے اور خود پر بھروسہ کرنے کی ضرورت ہے۔،، 
شین واٹسن نے کہا کہ "ہم اس سے بات کر رہے ہیں کہ وہ اپنے آپ کو پاکستانی آندرے رسل میں تبدیل کرنے کے بارے میں کام کرے کیونکہ ہم پہلے ہی جانتے ہیں کہ اسے بولنگ میں بھی مہارت حاصل ہے اور اس کے پاس حیرت انگیز ایتھلیٹزم ہے جو ہم نے میدان میں دیکھا ہے۔"
یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی جیت کے ساتھ ہی کراچی کنگز فائنل فور میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے جبکہ ملتان سلطانز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پی ایس ایل میں 2019ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل فور کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔