news
English

ہم کسی معجزے کا انتظار کررہے ہیں، شاہد آفریدی

پاکستانی ٹیم 27 اکتوبر کو چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ سے ٹکرائے گی۔

ہم کسی معجزے کا انتظار کررہے ہیں، شاہد آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اور پی سی بی کے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے بابراعظم کی کپتانی پر طنزیہ تبصرہ کردیا۔ 
شاہد آفریدی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’پاکستانی ٹیم کی کپتانی کوئی گلابوں کا بستر نہیں ہے‘‘ 
انہوں نے کہا کہ جب انضمام الحق فیلڈ میں ڈائیونگ کرتے تھے تو ہم شرم محسوس کرتے تھے کہ ہم ایسا کیوں نہیں کرسکتے۔ 
گرین شرٹس کے سابق کپتان نے مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب کپتان میدان میں اپنی پوری کمنٹمٹ پیش کرتا ہے تو کھلاڑی بھی 200 فیصد دیتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ اگر کپتان اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتا ہے اور وہ میدان میں متحرک ہوتا ہے تو دیگر کھلاڑیوں کو بھی شرم آتی ہے کہ جب کپتان کرسکتا ہے تو ہم کیوں نہیں کرسکتے۔ 
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ماضی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب میں کپتان تھا تو کھلاڑی ہمیں فالو کرتے تھے، جب ہم میدان پر دوڑتے تھے اور کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتے تھے تو پوری ٹیم چارج اپ ہو جاتی تھی، جب انضمام فیلڈ کے دوران ڈائیونگ کرتے تو یقین کریں، ہم کھلاڑی شرم محسوس کرتے تھے کہ ہم کیوں ایسا نہیں کررہے۔ 
شاہد آفریدی نے آسٹریلیا کی مثال پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یک کے بعد دیگرے 2 وکٹیں گرنے کے بعد کینگروز مخالف ٹیم پر دباؤ بڑھاتے ہیں لیکن جب 12 گیندوں پر 4 رنز کی ضرورت ہے تو کیا بابراعظم نے بیک ورڈ پوائنٹ لیا ہے؟
فاسٹ بولر گیندبازی کررہا ہے لیکن کوئی سلپ نہیں ہے، کیوں؟
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرنا کوئی مذاق نہیں، یہ کوئی گلابوں کا بستر نہیں ہوتا، جب آپ اچھا کرتے ہیں تو ہر کوئی آپ کی تعریف کرتا ہے اور جب آپ ایسا نہیں کرتے تو ہر کوئی آپ کے ساتھ ساتھ ہیڈ کوچ پر بھی الزام لگاتا ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہم کسی معجزے کے منتظر ہیں مگر یاد رکھیں گے معجزے صرف بہادروں کے ساتھ ہوتے ہیں۔،،  
واضح رہے کہ ورلڈکپ میں مسلسل 3 شکستوں کے بعد قومی ٹیم 27 اکتوبر کوچنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے مدمقابل آئے گی، ہارنے کی صورت میں قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی تقریباً ختم ہوجائے گی جبکہ جیت امیدوں کو برقرار رکھے گی۔