news
English

"ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی" فاسٹ بولر نسیم شاہ کا اعتراف

نسیم شاہ نے ٹیم کی جدوجہد، غیر ملکی کوچز کے ساتھ زبان کی رکاوٹوں اور ایک سال کے بعد ریڈ بال کرکٹ میں اپنی مضبوط واپسی کے بارے میں کھل کر اظہارِخیال کیا۔

رواں ماہ پاکستان نے بنگلہ دیش سے دو ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز کھیلنی ہے سیریز سے قبل اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ساتھی کرکٹرز کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ٹیم کی جدوجہد، غیر ملکی کوچز کے ساتھ زبان کی رکاوٹوں اور ایک سال کے بعد ریڈ بال کرکٹ میں اپنی مضبوط واپسی کے بارے میں کھل کر اظہارِخیال کیا۔
نسیم شاہ نے کہا کہ ٹیم کو جو بھی چیلنجز درپیش ہیں، ان سے نمٹنے کے لیے سب کو مل کر چلنا چاہیے اور سب کو متحد ہو کر پاکستان کے لیے کھیلنا ہوگا۔ 
فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی لیکن ایسا وقت ٹیموں پر آتا رہتا ہے، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا۔ 
نسیم شاہ نے اپنی ذاتی کارکردگی سے متعلق کہا کہ انجری سے صحتیاب ہونے کے 13 ماہ بعد میرا ٹیسٹ کرکٹ میں کم بیک ہورہا ہے، میری کوشش ہوگی کہ بہتر پُر فارم کرکے پاکستان کی جیت میں اپنا حصہ ڈال سکوں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ کافی عرصے بعد کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ ایسی کرکٹ کھیلنی پڑے گی کہ فینز خوش ہوجائیں۔ 
پی سی بی نے گزشتہ روز بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں شان مسعود کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جب کہ نوجوان مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کو ان کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔ 
سعود شکیل کو بنگلہ دیش اے کے خلاف میچز کے لیے پاکستان شاہینز کا کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان کی گزشتہ سال ایشیا کپ، ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کارکردگی انتہائی بدترین رہی، جس کی وجہ سے قومی ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہے اور ٹیم میں اختلافات کی خبروں کی بھی بازگشت ہے۔