قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون الرشید نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کے لئے ذہن میں 30 کھلاڑیوں کے نام ہیں۔
قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون الرشید نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ون ڈے اور افغانستان کے خلاف 3 میچز کےعلاوہ ایشیاکپ کے اہم مقابلے بھی ہمیں اپنی ورلڈکپ 2023 کی ٹیم بنانے میں مدد دیں گے، ہمارے پاس اب تجربات کا وقت نہیں آئندہ ٹورنامنٹس میں ہمیں اپنی مضبوط پلیئنگ الیون کھلانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کے لئے ہمارے ذہن میں 30 کھلاڑی ہیں اور ہم انہیں مسلسل ٹیم کے ساتھ منسلک رکھنے کا سوچ رہے ہیں، ٹیم منتخب کرنے کے لئے بابراعظم سے مشاورت کی ہے تاہم حتمی اعلان کے لئے ٹیم مینیجمنٹ اور کوچز کا انتظار ہے۔
چیف سلیکٹر نے پاکستان کے بالنگ اٹیک پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 50 اوور فارمیٹ میں ان کی کارکردگی گرین شرٹس کو میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کرے گی، اگر ہم مڈل آرڈر کو مستحکم کرتے ہیں تو پاکستان کے پاس اپنی مضبوط باؤلنگ سے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیتنے کا موقع ہوگا۔