news
English

ورلڈ کپ جیتنے کے لیے ہمارے پاس 6میچز باقی ہیں، مکی آرتھر

ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر پر امید ہیں کہ جمعے کو پاکستانی ٹیم کا سفر ایک اور موڑ لے گا۔

ورلڈ کپ جیتنے کے لیے ہمارے پاس 6میچز باقی ہیں، مکی آرتھر

پاکستانی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کو امید ہے کہ ورلڈکپ کی دوڑ میں پاکستان کا سفر جمعے کو جنوبی افریقہ کے ساتھ ہونے والا میچ جیتنے کے ساتھ نیا موڑ اختیار کرے گا اور تیم سیمی فائنل میں جائے گی۔ 
بھارت میں جاری دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ آغاز کیا تھا اور نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے دو میچ جیتے تھے لیکن پھر اسے انڈیا، آسٹریلیا اور افغانستان کے ہاتھوں لگاتار تین میچز میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ہر طرف سے قومی ٹیم پر تنقید کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا، تاہم پاکستانی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر پُرامید ہیں کہ گرین شرٹس جمعہ کو ہونے والے میچ میں ایک نیا موڑ اختیار کرے گی۔ 
مکی آرتھر نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے چینج روم میں بات چیت کی ہے کہ ہمارے پاس ورلڈ کپ جیتنے کے لیے اب چھ میچ ہیں اور ہمیں اس تسلسل پر آنا ہوگا اور یہ سارے میچ جیتنا ہوں گے، ہمیں ایک یونٹ کی حیثیت سے پتہ ہے کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ہماری حکمت عملی سو فیصد رہے، اگر ہم ایسا کرلیتے ہیں تو پھر کوئی وجہ نہیں کہ ہم ورلڈ کپ نہ جیت سکیں۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پچھلے تین میچوں میں گرین شرٹس کا تجربہ اور مہارت اس جگہ موجود نہیں تھی جہاں اسے ہونا چاہیے تھا۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کھلاڑیوں میں مہارت موجود ہے اب یہ ہم کوچز کا کام ہے کہ ہم انہیں اعتماد دیں اور یہ یقین دلائیں کہ یہ کھلاڑی اس بری صورتحال کو بدل سکتے ہیں۔ 

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ٹیم میں جیتنے کی خواہش اور لگن موجود ہے اورتمام کھلاڑی پریکٹس میں بہت زیادہ کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ تو کھلاڑیوں کی کوششوں کا مسئلہ ہے اور نہ رویے کا، مسئلہ صرف دباؤ میں اپنی مہارت کو مکمل بوطور پر بروئے کار نہ لانے کا ہے جس پر پریکٹس میں ہم مسلسل کام کررہے ہیں۔،، 
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ بہت اچھی ٹیم ہے اس وقت وہ بہت اچھا کھیل رہی ہے جس کی وجہ سے وہ مکمل طور پر اعتماد میں ہے لہذا ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اگر پاکستانی ٹیم گر کر اٹھنے کی اپنی بنیادی سرشت اور ڈسپلن پر کاربند رہے تو ہم کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں۔