news
English

ویمنز بگ بیش سیزن 9 کی تقریب رونمائی، تمام ٹیموں کی کپتان شریک

جنوبی ایشیا کی ویمن کرکٹرز جتنی زیادہ فرنچائز کرکٹ کھیلیں گی انہیں اتنا زیادہ سیکھنے کو ملے گا،ایلینا کنگ

ویمنز بگ بیش سیزن 9 کی تقریب رونمائی، تمام ٹیموں کی کپتان شریک

ویمنز بگ بیش (ڈبلیو بی بی ایل) سیزن 9 کی میلبورن میں رنگا رنگ تقریب رونمائی ہوئی جہاں ویمنز بگ بیش کی تمام ٹیموں کی کپتانوں نے اس یادگار تقریب میں شرکت کی۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر ایلیسے پیری اور ایلینا کنگ زیادہ سے زیادہ جنوبی ایشیائی خواتین کھلاڑیوں کو ویمنز بگ بیش لیگ میں دیکھنے کی خواہشمند نظر آئیں۔
تفصیلات کے مطابق ویمنز بگ بیش سیزن 9 کی آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں تقریب رونمائی ہوئی جس میں ویمنز بگ بیش کی تمام ٹیموں کی کپتانوں نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کی جرسی کے ہم رنگ غبارے پھوڑ کر سیزن 9 کی رونمائی کی۔ ویمنز بگ بیش سیزن 9 کا باقاعدہ آغاز 19 اکتوبر کو سڈنی سکسرز اور میلبورن اسٹارز کے درمیان میچ سے ہوگا۔ 
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آسٹریلوی آل راؤنڈر اور سڈنی سکسرز کی کپتان ایلیسے پیری نے کہا کہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کا چند اہم سیریز جیتنا ویمنز کرکٹ کے فروغ کا سبب بنا ہے، رواں سال متعدد ایشین کرکٹرز  مینز بگ بیش میں شرکت کررہے ہیں جبکہ آسٹریلوی کرکٹر ایلینا کنگ مزید جنوبی ایشیائی خواتین کرکٹرز کو مستقبل میں ویمنزبگ بیگ بیش لیگ میں دیکھنے کی خواہش مند ہیں۔
اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایلینا کنگ نے کہا کہ جنوبی ایشیا کی ویمن کرکٹرز جتنی زیادہ فرنچائز کرکٹ کھیلیں گی انہیں اتنا زیادہ سیکھنے کو ملے گا، انڈین کرکٹرز دی ہینڈرز میں بھی کھیل رہی ہیں، بگ بیش نے بھی بہت کرکٹرز کو انسپائر کیا ہے، ویمنز بگ بیش دنیا بھر میں لیڈنگ فرنچائز کرکٹ ہے جس کے بعد ویمن ہنڈریڈز اور آئی پی ایل کا بھی آغاز ہوا ہے۔