تیسرے میچ میں شکست کے باوجود آسٹریلیا نے تین میچوں کی سیریز1-2 سے جیت لی۔
ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل اور شیرفین ردرفورڈ کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 37 رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے تیسرے میچ میں شکست کے باوجود تین میچوں کی سیریز1-2 سے جیت لی۔ میزبان ٹیم 221 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ کینگرو ٹیم 221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 183رنز بناسکی۔
ویسٹ انڈیز کے آل رائونڈر آندرے رسل نے71 اور شیرفین ردرفورڈ نے ناقابل شکست 67رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی 81 رنز کی عمدہ اننگز رائیگاں گئی۔ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پیر کے روز پرتھ سٹیڈیم پرتھ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کے کپتان رومین پائول نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنا کر میزبان آسٹریلوی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 221 رنز کا ہدف دیا۔ مایہ ناز آل رائونڈر آندرے رسل نے 29 گیندیں کھیل کر 7 چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے جبکہ شیرفین ردرفورڈ نے اپنی دھواں دھار اننگز میں40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ فلک شگاف چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 67رنز بنائے، روسٹن چیسی 37 اور کپتان رومین پائول 21رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
آسٹریلیا کی طرف سے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کا آغاز کرنے والے زیویربارٹلیٹ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو جبکہ جیسن بیرنڈورف، اسپینسر جانسن،ایرون ہارڈی اور ایڈم زمپا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔آسٹریلیا کی طرف سے 221 رنز ہدف کے تعاقب میں کپتان مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز شاندار انداز میں کیا دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ پر 68 قیمتی رنز بنے تاہم کپتان مچل مارش 17 رنز بناکر عقیل حسین کی گیند پر جیسن ہولڈر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔
ایرون ہارڈی دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 16 رنز بناکر روماریوشیفرڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس دوران ڈیوڈ وارنر نے اپنی نصف سنچری مکمل کرلی، وہ آسٹریلیا کے تیسرے آئو ٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 81 رنز بناکر روسٹن چیسی کی گیند پر آندرے رسل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ جوش انگلس ایک رن بناکر روسٹن چیسی کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔
گلین میکسویل 12 رنز بناکر روماریو شیفرڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ٹم ڈیوڈ 41 اور میتھیو ویڈ 7 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 37 رنز سے شکست دے دی، تاہم تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 1-2 سے آسٹریلیا نے جیت لی۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے روماریوشیفرڈ اور روسٹن چیسی نے دو، دو جبکہ عقیل حسین نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرمین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔