news
English

ویسٹ انڈیزنے بھارت کو پہلے ٹی20میں دلچسپ مقابلے کے بعد 4 رنزسےہرادیا

شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر جیسن ہولڈر کوپلیئر آف دی میچ قراردیاگیا۔

ویسٹ انڈیزنے بھارت کو پہلے ٹی20میں دلچسپ مقابلے کے بعد 4 رنزسےہرادیا

ویسٹ انڈیز نے بھارت کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی، میزبان ٹیم کے150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا سکی، روومین پاول نے 48 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ جیسن ہولڈر کو بہترین پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ 
گذشتہ روز برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے، کپتان روومین پاول نے 32 گیندوں پر 48 اور نکولس پوران نے 41 رنز کی اننگز کھیلی، اوپنر برینڈن کنگ 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بھارتی بائولرز ارشدیپ سنگھ اور یزویندرا چاہل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہارڈک پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز کے 150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بناسکی۔ ڈیبیو میچ کھیلنے والے تلک ورما 39 اور سوریا کمار یادیو 21 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز ویسٹ انڈین بائولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ بھارت کو میچ کے آخری اوور میں جیت کے لئے 10 رنز درکار تھے تاہم بھارتی ٹیم آخری اوور میں صرف 5 رنز بناسکی۔ 
ویسٹ انڈین بائولرز اوبیڈ میک کوئے، جیسن ہولڈر اور روماریو شیفرڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ عقیل حسین نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جیسن ہولڈر کو 19 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس فتح کے بعد ویسٹ انڈیز کو پانچ ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔