news
English

سعود شکیل نے پاکستان کےلئے ورلڈکپ کی دوسری تیزترین ففٹی بناڈالی

سعود شکیل نے اپنی میچ وننگ اننگز اپنے کوچ کے نام کردی، مڈل آرڈر بیٹر کی قابل ستائش کارکردگی کے لیے انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سعود شکیل نے پاکستان کےلئے ورلڈکپ کی دوسری تیزترین ففٹی بناڈالی

حیدرآبا دمیں کھیلے گئے نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے ورلڈکپ میں پاکستان کیلئے دوسری تیز ترین ففٹی جڑدی۔ میچ میں کپتان بابراعظم، فخر زمان اور امام الحق کوئی خاص کارکردگی دکھائے بغیر جلد پویلین لوٹ گئے تھے۔
حیدر آباد کے راجیوگاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 12 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابراعظم 15 گیندوں پر محض 5 رنز بناکر ایک بار پھر آف اسپنر کا شکار بنے جبکہ امام الحق 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تاہم مڈل آرڈر بیٹر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور نیدرلینڈز کے خلاف ورلڈکپ کی دوسری تیز ترین ففٹی بنائی، انہوں نے یہ کارنامہ 32 گیندوں پر سرانجام دیا۔ سعود شکیل 52 گیندوں پر 68 رنز بناکر آرین دت کا شکار بنے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ 
سعود شکیل نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ساتھ ملکر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 124 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ 
اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیم مینجمنٹ میں شامل انضمام الحق نے یہ اعزاز 30 گیندوں پر 1992 میں حاصل کیا تھا۔ 
میچ کے بعد پریس پریزنٹیشن کے دوران، سعود شکیل نے اپنی کارکردگی کے بارے میں کہا کہ، "میں گزشتہ 2-3 ماہ کے دوران اپنے کھیل پر سخت محنت کر رہا ہوں۔ مجھے معلوم تھا کہ میں پاکستان کے لیے اس پوزیشن پر بیٹنگ کروں گا، اس لیے میں نے اس کے مطابق اپنا کھیل تیار کیا۔ میں نے اپنے شاٹس، ریورس سوئیپ اور جارحانہ انداز میں گیند پر حملہ کرنے کے آپشنز کو بہتر بنانے کی کوشش کی۔ میں نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے جارح بننے کی کوشش کی اوعر میں سمجھتا ہوں ہکہ کسی بھی بلے باز کے لیے یہی بنیادی چیز ہے۔" 
اپنی اس کامیابی میں کوچنگ اسٹاف کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے، سعود شکیل نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ "کوچنگ اسٹاف نے مجھے اعتماد دیا ہے۔ میں اپنے کوچ حنیف ملک کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میری مدد کی، آج کا یہ اعزازان کے لیے ہے۔،،
پاکستان اور نیدر لینڈز کے میچ میں مین ان گرین نے 286 رنز بنائے، جس میں سعود شکیل کی قابل ستائش کارکردگی بھی شامل تھی، جنہوں نے 68 رنز بنائے اور انہیں ان کی اننگز کے لیے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔