news
English

ایشیاءکپ: قومی ٹیم کی ناقص بیٹنگ پرسابق بھارتی کپتان بھی خاموش نہ رہ سکے

لگتا ہے کہ بابراعظم کے علاوہ ان کے پاس کوئی پلئیر ہی نہیں ہے، سنیل گواسکر   

ایشیاءکپ: قومی ٹیم کی ناقص بیٹنگ پرسابق بھارتی کپتان بھی خاموش نہ رہ سکے

ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو 228 رنز کی عبرتناک شکست پر سابق بھارتی کپتان سینل گواسکر بھی خاموش نہ رہ سکے۔ 
انڈیا ٹوڈے سے بات چیت کرتے ہوئے سنیل گواسکر نے پاکستانی بیٹنگ لائن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاکستانی بیٹرز نے بھارت کیخلاف بلے بازی کی مجھے سمجھ نہیں آیا کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن میں کتنے کھلاڑی ہیں؟ بابراعظم کے علاوہ ان کے پاس کوئی پلئیر ہی نہیں ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی بیٹنگ لائن میں کوئی ایسا کرکٹر نہیں جو مخالف ٹیم کے بالرز کیلئے خوف کی علامت ہو۔ 

ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو ون ڈے میں دوسری بڑی شکست سے دوچار کیا تھا، قومی ٹیم بھارت کے 356 رنز کے ہدف کے تعاقب میں محض 128 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔  
یہ شکست ون ڈے کی تاریخ میں پاکستان کی دوسری بدترین شکست کے طور پر شمار ہوتی ہے، اس کا پچھلا ریکارڈ 2009 میں سری لنکا کے ہاتھوں 234 رنز کے بڑے مارجن سے شکست تھی۔ 

غور طلب بات یہ ہے کہ مسلسل بارش اور خراب آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ایشیاءکپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ریزو ڈے تک میچ کھیلا گیا تھا تاہم پاکستانی ٹیم اپنی بدترین کارکردگی کے باعث اس میچ کے بعد سے ہر فورم پر تنقید کی زد میں ہے۔