news
English

پی ایس ایل 9 : سب سے زیادہ رنز کس نے بنائے، وکٹیں کس نے لیں؟

 اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم کو پی ایس ایل سیزن 9 کے فائنل کا پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ فاتح ٹیم کے کپتان شاداب خان نے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

پی ایس ایل 9 : سب سے زیادہ رنز کس نے بنائے، وکٹیں کس نے لیں؟

پی ایس ایل 9 کا بہترین بیٹراور بولر کون رہا، کس نے سب سے زیادہ چھکے چوکے لگائے، کس نے وکٹیں اڑائیں پورے ٹورنامنٹ میں بہترین پلیئر اور وکٹ کیپر کون رہا، یہ ساری تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔  
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا رنگا رنگ اور سنسنی خیز سیزن 9اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ 
گزشتہ روز کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ کے فانئل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری بار پی ایس ایل کی چیمپئن بن گئی۔ 
فائنل ٹاکرے کے بعد ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز، بولر، وکٹ کیپر اور دیگرکھلاڑیوں کے لیے ایوارڈز اور انعامات کا اعلان کیا گیا۔  
اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیابی میں اہم کردار اد اکرنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم کو پی ایس ایل سیزن 9 کے فائنل کا پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ فاتح ٹیم کے کپتان شاداب خان نے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ 
ایونٹ کے بہترین بیٹر اور بولر کے ایوارڈز ملتان سلطانز کے کھلاڑیوں کے نام رہے، بہترین بیٹر کا ایوارڈ عثمان خان اور بہترین بولر کا ایوارڈ اسامہ میرکو دیا گیا۔  
پی ایس ایل 9 کے بہترین فیلڈر کا ایوارڈ کراچی کنگز کے عرفان خان نیازی کو دیا گیا اور ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی انہی کو قرار دیا گیا جبکہ بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے جارح مزاج بلے بازاعظم خان کے نام رہا۔ 
ٹورنامنٹ کے سپر آل راؤنڈر کا ایوارڈ پشاور زلمی کے صائم ایوب کو دیا گیا جبکہ بہترین امپائر کا ایوارڈ آصف یعقوب لے اڑے۔
ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے حنیف محمد کیپ وصول کی جبکہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اسامہ میر نے فضل محمود کیپ اپنے نام کی، اسپرٹ آف دی کرکٹ کا ایوارڈ ٹیم پشاور زلمی کے نام رہا۔ 
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے فائنل ٹاکرے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے ملتان سلطانز کو دلچسپ اور سنسنی خیزمقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 20ویں اوورز کی آخری گیند پر ہدف مکمل کرتے ہوئے کامیابی سمیٹی جب یونائیٹڈ کے بولر حنین شاہ وکٹ پر تھے اور انہوں نے آخری گیند پر چوکا لگا کرجیت اپنی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی، مارٹن گپٹل نے 50 اور اعظم خان نے 30 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم 19 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ کولن منرو اور نسیم شاہ نے 17، 17 رنز کی اننگز کھیلی۔
عماد وسیم نے اپنے چار اوورز کے اسپیل میں صرف 23 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔