news
English

قومی ٹیم میں کیوں نام نہیں آتا گھر والے بھی یہی پوچھتے ہیں، فواد عالم

ڈبل سنچری اسکور کرکے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 12 ہزار رنز مکمل کرنے والے ٹیسٹ بیٹسمین فواد عالم نے کہاکہ میرا کام کارکردگی دکھانا ہے

قومی ٹیم میں کیوں نام نہیں آتا گھر والے بھی یہی پوچھتے ہیں، فواد عالم تصویر: فائل

ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے کہا ہے کہ مجھ سے گھر والے بھی پوچھتے ہیں کہ قومی اسکواڈ میں تمہارا نام کیوں نہیں آرہا۔

قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری اسکور کرکے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 12 ہزار رنز مکمل کرنے والے ٹیسٹ بیٹسمین فواد عالم نے کہاکہ میرا کام کارکردگی دکھانا ہے، توجہ صرف اپنے کھیل پر مرکوز ہے، قومی ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کر رہا ہوں۔

10برس  قبل اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے فواد عالم نے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے گھر والے بھی پوچھتے ہیں کہ قومی اسکواڈ میں تمہارا نام کیوں نہیں آرہا، کبھی کبھی میرے ذہن میں بھی یہ سوال آتا ہے لیکن اس کا جواب یہ ہے کہ جدوجہد کرتا رہوں۔ مجھے فائٹر کے نام سے پکارنے والے والد نے بہت کچھ سکھایا اورمجھے ان پر فخر ہے، میں مایوس نہیں۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ قومی کرکٹ کے نئے نظام کو وقت درکار ہوگا، کوکابورا کی نئی گیند کھیل پر اثر انداز ہوئی ہے،اب صرف محنت کرنے والے فاسٹ بولرز ہی کامیاب رہیں گے۔