گذشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے میچ میں محمد عامر پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے۔
گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف میچ میں محمد عامر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کیوں نہیں کھیل رہے تھے، اس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائیلی روسو نے ٹاس جیتنے کے بعد بتایا کہ سہیل خان کو عامر کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز محمد عامر نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی میں پی ایس ایل سیزن نو کے 16ویں میچ میں کراچی کنگز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی لائن اپ سے غیر حاضر رہے۔
گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائیلی روسو نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بولنگ کا انتخاب کیا اور کہا کہ سہیل خان عامر کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
رائیلی روسو نے کہا کہ محمد عامر کی غیر حاضری ان کے حالیہ مصروف شیڈول کو دیکھتے ہوئے آرام کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عامر کو آرام دیا ہے کیونکہ وہ حال ہی میں کافی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
حالیہ آئی ایل ٹی 20 میں شرکت کرنے والے محمد عامر نے اس سیزن میں پی ایس ایل کے چار میچز میں حصہ لیا ہے۔ ان کھیلوں کے دوران، وہ 8.63 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے پچھلے سیزنز میں محمد عامر کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی پلیئنگ الیون:
جیسن رائے، سعود شکیل، خواجہ نافع، رائیلی روسو، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، شیرفین ردرفورڈ، عقیل حسین، محمد وسیم جونیئر، سہیل خان، عثمان طارق، ابرار احمد۔
کراچی کنگز کی پلیئنگ الیون:
شان مسعود، ٹم سیفرٹ، جیمز ونس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، عرفان خان، انور علی، حسن علی، زاہد محمود، بلیسنگ مزربانی۔