بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن ہوم سیریز کے باعث انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) سے باہر ہوگئے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی نمائندگی اور ذاتی وجوہات کے باعث شکیب الحسن آئی پی ایل سے باہر ہوگئے ہیں، انہوں نے اپنی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو اس فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ انتظامیہ کی منظوری ملنے کے بعد فرنچائز ان کے متبادل کی تلاش کا عمل شروع کرے گی۔
قبل ازیں وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس بھی آئرلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے باعث پنجاب کنگز کے پہلے میچ میں شرکت نہیں کرسکے تھے، دونوں پلئیرز آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لئے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم کو 9، 12 اور 14 مئی کو آئرلینڈ کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز بھی کھیلنے ہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن آئی پی ایل کے افتتاحی میچ میں زخمی ہوکر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے تھے، ورلڈکپ سے قبل سینئر کرکٹر کی انجری نے بورڈ کو بھی پریشان کردیا ہے۔