ایشیاکپ کے حوالے سے نجم سیٹھی کے بیانات بار بار تبدیل ہورہے ہیں، شاہد آفریدی
نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کپتان اور چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے ایشیاکپ سے متعلق مسلسل موقف تبدیل کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کو شدید تقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا انہیں سمجھنا چاہیے کہ پی سی بی کا سربراہ ہونا ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے، اس لیے انھیں اپنا موقف بار بار نہیں بدلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کبھی کہتے ہیں ایشیاکپ یہاں ہونا چاہیے، کبھی کہتے ہیں ایشیائی ایونٹ کو انگلینڈ میں ہونا چاہیے، مجھے سمجھ نہیں آرہی وہ ہر جگہ کیوں انٹرویو دے رہے ہیں۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ بورڈ کے سربراہ کی کرسی پر کسی مضبوط اعصاب کے مالک شخص کو ہونا چاہیے، بڑی عمر کا بھی منفی اثر پڑتا ہے، اس ذمہ داری پر اسے ہونا چاہیے جس کے اعصاب مضبوط ہوں۔
پاکستان کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے بھارت کی جانب سے ٹیم نہ بھیجنے پر ورلڈکپ کے لیے اپنی ٹیم نہ بھیجنے کی دھمکی پر شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارت نہ جانے کے بارے میں وہ کیوں کہہ رہے ہیں، اس کو تو مثبت انداز میں لینا چاہیے، انہیں چاہیے کھلاڑیوں اور کپتان سے کہیں کہ ورلڈکپ جیت کر ہندوستان میں انہیں تھپڑ لگا کر واپس آئیں۔