news
English

پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا

انعم امین اور عمیمہ سہیل سینٹرل کنٹریکٹ پانے والی کرکٹرز میں شامل ہیں

پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا فوٹو: اے ایف پی

پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا، انعم امین اور عمیمہ سہیل سینٹرل کنٹریکٹ پانے والی کرکٹرز میں شامل ہیں، 15 سالہ عائشہ نسیم اور 16 سالہ سیدہ عروب شاہ سمیت 9 پلیئرز کو نئی تشکیل کردہ ایمرجنگ کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق بسمہ معروف سیزن 2020-21 کے لیے کپتان نامزد کی گئی ہیں، کٹیگری اے ، بی اور سی کے معاوضوں میں بالترتیب 33 فیصد ،30 فیصد اور 25 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، ڈومیسٹک ایونٹ کی میچ فیس اور انعامی رقم 100 فیصد جبکہ ڈومیسٹک ڈیلی الاؤنس 50 فیصد بڑھا دیا گیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ فہرست کی کٹیگری اے میں بسمہ معروف، جویریہ خان، کٹیگری بی میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور سدرہ نواز شامل ہیں جب کہ کٹیگری سی میں انعم امین، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل اور ندا ڈار کو جگہ مل گئی۔ ایمرجنگ پلیئرز میں سیدہ عروب شاہ، عائشہ نسیم، منیبہ علی، فاطمہ ثنا، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صبا نذیراور سعدیہ اقبال بھی شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ گذشتہ 12 ماہ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کا پیمانہ اپنایا گیا، رواں سال بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے لیے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بسمہ معروف اور جویریہ خان کو ایک درجہ ترقی دیتے ہوئے سنٹرل کنٹریکٹ کی اے کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیانا بیگ کو بھی عمدہ کارکردگی کی بدولت سینٹرل کنٹریکٹ میں ایک درجہ ترقی دے کر بی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے کے سبب ندا ڈار کی کٹیگری میں تنزلی کی گئی ہے۔