news

پی سی بی کا پہلی مرتبہ ویمنز کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس دینے کا اعلان

مجموعی طور پر 74 کرکٹرز کو یہ کنٹریکٹس ملیں گے۔ پی سی بی

پی سی بی کا پہلی مرتبہ ویمنز کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس دینے کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلی مرتبہ ڈومیسٹک کرکٹ میں 74 خواتین کرکٹرز کیلئے ڈومیسٹک کنٹریکٹس دینے کا اعلان کیا ہے۔ 
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام اس بات کا عکاس ہے کہ وہ ملک میں خواتین کرکٹ کی ترقی اور فروغ کو کس قدر اہمیت دیتا ہے اور اس سے اس بات کا بخوبی اندازہ بھی لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف خواتین کرکٹ کی ترقی اور ان کے کریئر کے لیے بہترین راہ فراہم کرنے اور زیادہ سے زیادہ خواتین کرکٹرز کی شرکت کے سلسلے میں گہری دلچسپی اور واضح سوچ رکھتے ہیں۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے یہ اہم موقع ہے کہ ہم نے ِخواتین کرکٹ کی ترقی کے سلسلے میں تاریخی قدم اٹھایا ہے، اورہم ان 74 خواتین کرکٹرز کو مبارک باد پیش کرتے ہیں جو اپنی محنت اور ٹیلنٹ کی بدولت یہ کنٹریکٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ قدم صرف کنٹریکٹس سائن کرنے کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ ان غیرمعمولی کھلاڑیوں کے خوابوں اور خواہشات کو عملی جامہ پہنانے کے مترادف ہے۔ 
ویمنز کرکٹ کی ہیڈ تانیہ ملک کا کہنا تھا کہ انہیں 74 اچھی کھلاڑیوں کے لیے کنٹریکٹس کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان خواتین کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس دینے کے علاوہ انہیں 7 مختلف کرکٹ اکیڈمیز میں ٹریننگ کی سہولتیں بھی فراہم کررکھی ہیں۔ جن میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور، حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی، انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر ملتان، قیوم اسٹیڈیم پشاور، ایبٹ آباد اسٹیڈیم، بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ اور ویمنز اسپورٹس اسٹیڈیم بہاولپور شامل ہیں۔ 
جن کرکٹرز کو یہ کنٹریکٹس دیے جارہے ہیں ان میں 59 کھلاڑی ایمرجنگ اور انڈر نائنٹین کیٹگری سے تعلق رکھتی ہیں جبکہ 14 کرکٹرز وہ ہیں جو پہلے ہی سینئر سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔ان خواتین کرکٹرز کو ماہانہ رقم کے علاوہ میچ فیس، ڈیلی الاؤنس اور انعامی رقم میں بھی حصہ ملے گا۔ 
پی سی بی سے کنٹریکٹس پانے والی74 کھلاڑی اور ان کے شہروں کے نام:

آئمہ سلیم (راولپنڈی)، ایمن انور (کراچی)، عائشہ جاوید (لاہور)، علینہ شاہ (پشاور)، علیزہ خان (کراچی)، امبر کائنات (لاہور)، انعم امین (لاہور)، اریشہ نور بھٹی (لاہور)، عریجہ حسیب (کراچی)، عاصمہ امین (فیصل آباد)، عاصمہ شریف (عارف والا)، عائشہ عاصم (کوئٹہ)، عائشہ بلال (لاہور)، عائشہ ظفر (لاہور)، دینا رضوی (کراچی)، دعا مجید (لاہور)، فجر نوید (لاہور)، راولپنڈی، فریحہ محمود (لاہور)، فاطمہ خان (لاہور)، فاطمہ شاہد (لاہور)، فاطمہ زہرہ (راولپنڈی)، گل اسوہ (ملتان)، گل فیروزہ (ملتان)، گل رخ (ڈیرہ غازی خان)، حلیمہ عظیم ڈار (لاہور)، ہانیہ احمر (کراچی)، حمنہ بلال (راولپنڈی)، حورینہ سجاد (کراچی)، ارم جاوید (لاہور)، جنت رشید (کوئٹہ)، جویریہ خان (کراچی)، جویریہ رؤف (کراچی)، کائنات امتیاز (کراچی)، کائنات حفیظ (لاہور)، خدیجہ چشتی (لاہور)، کنزہ وہاب (کراچی)، لائبہ منصور (راولپنڈی)، لائبہ ناصر (لاہور)، لبنیٰ بہرام (ہنزہ)، ماہم انیس (اسلام آباد)، ماہم منظور (حیدرآباد)، ماہم طارق (کراچی)، ماہنور آفتاب (پشاور)، معصومہ زہرا (کراچی)، مومنہ ریاست (ایبٹ آباد)، نتالیہ پرویز (بھمبر)، نیہا شرمین شیخ (کراچی)، نور الایمان (بہاولپور)، نورین یعقوب (لاہور)، قرۃ العین احسن (لاہور)، رامین شمیم ​​(کراچی)، ردا اسلم (لاہور)، صبا نذیر (مریدکے)، صائمہ ملک (کوئٹہ)، صائقہ ریاض (لاہور)، سائرہ جبین (چترال)، ثنا طالب (رحیم یار خان)،  ثانیہ رشید (راولپنڈی)، شبنم حیات (کراچی)، سوہا فاطمہ (لاہور)، سبحانہ طارق (کراچی)، سیدہ تسکین فاطمہ (کراچی)، تسمیہ رباب (لاہور)، طیبہ امداد (ایبٹ آباد)، تہذیب شاہ (صوابی)، وحیدہ اختر (لاہور)، وجیہہ منیر (ملتان)، وردہ یوسف (اوکاڑہ)، واصفہ حسین (کراچی)، یسرہ عامر (کراچی)، زیب النساء (چارسدہ)، ثمینہ طاہر (لاہور)، زنیرہ شاہ (کراچی) اور ضوناش عبدالستار (لاہور)