news
English

ویمن سیریز: ویسٹ انڈیزکاپاکستان کے خلاف ٹاس جیت کرپہلےبیٹنگ کافیصلہ

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جارہا ہے۔

ویمن سیریز: ویسٹ انڈیزکاپاکستان کے خلاف ٹاس جیت کرپہلےبیٹنگ کافیصلہ

ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوزنے پاکستان ویمنز ٹیم کے خلاف تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کے ابتدائی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں آج پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 
ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیم میں کپتان ہیلی میتھیوز، وکٹ کیپر رشدہ ولیمز،شیمین کیمبل،اسٹیفنی ٹیلر، چیڈین نیشن، چنیل ہنری،عالیہ علینہ،زیدہ جیمز، ایفی فلیچر، کرشمہ رامہراک اور شمیلیہ کونیل شامل ہیں جبکہ پاکستانی ویمین ٹیم میں کپتان ندا ڈار، منیبہ علی، سدرہ امین، بسمہ معروف، عالیہ ریاض، فاطمہ ثناء، وکٹ کیپر ناجیہ علوی، ڈیانا بیگ، طوبیٰ حسن، نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔
امپائرنگ کے فرائض آسٹریلیا کی کلیئر پولوساک اور پاکستان کے ناصر حسین سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ٹی وی امپائر عبدالمقیط، ریزرو امپائرسلیمہ امتیاز اور میچ ریفری علی نقوی ہیں۔ 
مذکورہ تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ اس وقت آئی سی سی چیمپئن شپ میں پاکستان کی 16 پوائنٹ کے ساتھ پانچویں پوزیشن ہے اور گرین شرٹس کو ورلڈ کپ 2025 میں براہ راست جگہ بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ میچز جیتنے کی ضرورت ہے۔ 
آسٹریلیا کی کلیر پولوساک پاکستان میں پہلی مرتبہ فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ 
کراچی میں آج بارش کی پیشگوئی ہے اور میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ تین میچوں کی سیریز کادوسرا ون ڈے 21 اور تیسرا 23 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ 
اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کی ٹرافی کی تقریب کی رونمائی کی گئی تھی، ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں قومی ٹیم کی کپتان ندا ڈار اور ہیلی میتھوز نے فلیگ اسٹاف ہاؤس کہلانے والے قائداعظم ہاؤس کے احاطہ میں ٹرافی کی رونمائی کی اور اس کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔