ڈبلیو ایل سی کے دونوں سیمی فائنل میچ آج نارتھمپٹن کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں یکے بعد دیگرے شیڈول ہیں۔
انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز2024 میں پاکستان چیمپئنز کا مقابلہ آج ویسٹ انڈیز چیمپئنز سے سیمی فائنل میں ہوگا جبکہ آسٹریلیا کا مقابلہ بھارت کے ساتھ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈ کرکٹ کے دونوں سیمی فائنلز آج کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوگا جبکہ آسٹریلیا بھارت کے ساتھ پنجہ آزمائی کرے گا۔
پہلا سیمی فائنل پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آج نارتھمپٹن شائر کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان چیمپئنز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیمی فائنل سے قبل برمنگھم میں مقامی کلب میں ٹریننگ سیشن کیا، کھلاڑیوں نے دو گھنٹے تک بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔
اس حوالے سے پاکستان چیمپئنز کے آل رائونڈر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم کے سب کھلاڑی پُرعزم ہیں کہ سیمی فائنل جیت کر فائنل میں جگہ بنائیں، اگر انڈیا اور پاکستان کا فائنل ہوا تو شائقین کو زبردست انٹرٹینمنٹ ملے گی۔،،
فاسٹ بولر سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ تمام ٹیموں نے مومینٹم پکڑ لیا ہے، سیمی فائنل میں زبردست مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، دو میچز میں آرام کیا ہے لیکن سیمی فائنل کے لیے مکمل فٹ ہوں۔،،
فاسٹ بولرعبدالرزاق نے امید ظاہر کی کہ انگلینڈ کے بعد اس لیگ کے میچز آسٹریلیا، ساؤتھ افریقہ، نیوز ی لینڈ اور ایشیا میں بھی ہوں گے۔،،
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان اور آسٹریلیا نے اپنے پانچ میں سے چار، چار میچز میں فتح حاصل کی جبکہ دونوں کو ایک، ایک میچ میں شکست ہوئی۔ پاکستان کو جنوبی افریقہ جبکہ آسٹریلیا کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا چیمپئن اور پاکستان چیمپئن 8،8 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
ویسٹ انڈیز اور بھارت 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔ جنوبی افریقہ 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور انگلینڈ 2 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہا۔
دونوں سیمی فائنل میچ آج نارتھمپٹن کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں یکے بعد دیگرے شیڈول ہیں۔
پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز میچ کےاوقات:
پاکستانی وقت کے مطابق: 4:30 شام۔
مقامی وقت: 12:30 دوپہر۔
جی ایم ٹی: 11:30 صبح۔
اسکواڈز:
پاکستان چیمپئنز: یونس خان (کپتان)، مصباح الحق، شاہد آفریدی، کامران اکمل، عبدالرزاق، وہاب ریاض، سعید اجمل، سہیل تنویر، سہیل خان، تنویر احمد، محمد حفیظ، عامر یامین، شعیب ملک، صہیب مقصود شرجیل خان، عمر اکمل، یاسر عرفات اور توفیق عمر۔
ویسٹ انڈیز چیمپئنز: کرس گیل ۰کپتان)، ڈیرن سیمی، سیموئل بدری، ٹینو بیسٹ، ریاد ایمرٹ، جیسن محمد، نوین اسٹیورٹ، ایشلے نرس، ڈوین اسمتھ، سلیمان بین، چاڈوک والٹن، جیروم ٹیلر، فیڈل ایڈورڈز، کرک ایڈورڈزاور جوناتھن کارٹر۔