اینجلو میتھیوزکو ’’ٹائم آؤٹ‘‘ پر وکٹ گنوانے کے بعد غصے کے عالم میں میدان سے باہر جاتے دیکھا گیا۔
سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز اینجلو میتھیوز ’’ٹائم آؤٹ‘‘ پر وکٹ گنوانے والے کرکٹ کی تاریخ میں پہلے کھلاڑی بن گئے۔
بھارت میں جاری دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ 2023 میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران امپائر کی جانب سے اینجلو میتھیوز کو ’’ٹائم آؤٹ‘‘ قرار دیئے جانے پر واپس پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکن بلے باز کو دو منٹ کے اندر کریز پر پہنچ کر پہلی گیند کا سامنا کرنا تھا لیکن وہ ایسا نہیں کرسکے۔
سدیرا سمارا وکرامام کے آؤٹ ہونے کے بعد اینجلو میتھیوز بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے لیکن ہیلمٹ میں خرابی کی وجہ سے دو منٹ کے اندر کریز پر پہنچ کر پہلی گیند کا سامنا نہ کرسکے جس پر بنگلہ دیش نے آؤٹ کی اپیل کردی۔
بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کی اپیل پر امپائر نے طویل بحث کے بعد اینجلو میتھیوز کو ’’ٹائم آؤٹ‘‘ پر واپس میدان سے باہر بھیج دیا۔ اس طرح، اینجلو میتھیو بغیر کوئی گیند کھیلے آؤٹ قرار دیے گئے۔
اینجلو میتھیوز نے شکیب الحسن کو بتانے کی کوشش کی کہ تاخیر ہیلمٹ کی وجہ سے ہوئی تاہم بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے اپنی اپیل واپس لینے سے انکار کر دیا۔ اس طریقے سے آؤٹ ہونے پر اینجلو میتھیوز نے غصے کا اظہار کیا اور میدان سے باہر جا کر اپنا ہیلمٹ پھینک دیا۔
کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی کھلاڑی کو مقرر وقت پر بیٹنگ شروع نہ کرنے پر آؤٹ قرار دیا گیا ہے اس طرح سری لنکن بیٹر کرکٹ کی دنیا میں ایک نئے ریکارڈ کے حامل کھلاڑی بن گئے ہیں۔