news
English

ورلڈکپ:مسلسل ناکامی کی تصویربنے ’فخرزمان‘ کو ایک اورموقع ملنےکاامکان

ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے قومی ٹیم کے اوپنر پر بھروسہ جتا دیا۔

ورلڈکپ:مسلسل ناکامی کی تصویربنے ’فخرزمان‘ کو ایک اورموقع ملنےکاامکان

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کو سری لنکا کے خلاف مقابلے میں پلئینگ الیون کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ 
رپورٹس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ سابق چیمپئن سری لنکا کی ٹیم بھارت کی اِن کنڈیشنز میں آسان حریف نہیں ہوگی تاہم ہم ان کی کمزوریوں سے واقف ہیں، آئی لینڈرز کو شکست دینے کی کوشش کریں گے۔ 
مکی آرتھر نے اعتراف کیا کہ ٹاپ آرڈر کی ناکامی پر سعود شکیل اور محمد رضوان نے نیدرلینڈز کے خلاف بیٹنگ پر قابو پالیا تھا لیکن کمزور ٹیم کے خلاف یہ اچھی کارکردگی نہیں تھی۔ 
واضح رہے کہ قومی ٹیم نے نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے اپنی ورلڈکپ 2023 کی مہم کا آغاز کیا تھا، گرین شرٹس کے ابتدائی تین کھلاڑی محض 38 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے تھے جبکہ اوپنر فخر زمان محض 12 رنز بناسکے تھے۔ 
ڈائریکٹر قومی ٹیم نے مزید کہا کہ فخر زمان کی فارم سے پریشان نہیں ہوں، وہ ایک اچھا کھلاڑی ہے اور صرف بڑے اسکور سے ایک اننگز دور ہے، توقع ہے کہ سری لنکا کے ساتھ مقابلے میں فخر زمان اچھی بلے بازی کریں گے۔