news
English

ورلڈ کپ: زخمی گلین میکسویل انگلینڈ کے خلاف میچ سے باہرہوگئے

آسٹریلوی کھلاڑی کے ساتھ گزشتہ 12 ماہ میں پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے۔

ورلڈ کپ: زخمی گلین میکسویل انگلینڈ کے خلاف میچ سے باہرہوگئے

میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل زخمی ہونے کے باعث قدیم حریف انگلینڈ کے ساتھ ہونے والے میچ میں نہیں کھیل سکیں گے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ گلین میکسویل گولف کی گاڑی سے گرنے کے باعث زخمی ہوگئے ہیں تاہم ان کے زخموں کی نوعیت کے بارے میں زیادہ تفصیل سے نہیں بتایا گیا۔ 
یاد رہے کہ نومبر 2022 میں اپنے ایک دوست کی سالگرہ کی تقریب میں گلین میکسویل کے گرنے کے باعث ان کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی، اسکے بعد پچھلے 12 مہینوں میں میکسویل کے ساتھ پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے جب وہ گالف کی گاڑی سے گر کر زخمی ہوئے ہیں۔ 
میکسویل نے گزشتہ ہفتے ورلڈ کپ میں ریکارڈ بک میں جگہ بنائی تھی جب انہوں نے نئی دہلی میں نیدرلینڈز کو 309 رنز سے شکست دینے والے میچ میں صرف 40 گیندوں پر ٹورنامنٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی تھی، اگرچہ میکسویل احمد آباد کے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والے میچ کے دوران باہر بیٹھیں گے لیکن توقع ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے آخری مراحل میں دستیاب ہوں گے۔ 
ورلڈ کپ 2023 کےدفاعی چیمپئن انگلینڈ کا سامنا کرنے کے بعد آسٹریلیا 7 نومبر کو ممبئی میں افغانستان سے مقابلہ کرے گا جب کہ 11 نومبر کو پونے میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنی گروپ مہم کا اختتام کرے گا۔