news
English

ورلڈ‌ کپ: پاکستان کی اننگز ختم، نیدرلینڈزکوجیت کےلیے287 رنزکا ہدف

دونوں ٹیمیں حیدرآباد کے راجیوگاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔

ورلڈ‌ کپ: پاکستان کی اننگز ختم، نیدرلینڈزکوجیت کےلیے287 رنزکا ہدف

بھارت میں جاری دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ کے دوسرے باضابطہ میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو جیت کے لیے 287 رنز کا ہدف دے دیا۔ 
حیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اوورز میں 286 رنز بنا کرآل آؤٹ ہوگئی اورنیدرلینڈز کو جیت کے لیے 287 رنز کا ہدف دیا۔ 
سعودشکیل اور محمد رضوان 68، 68 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 
قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان ایک بار ناکام بیٹر ثابت ہوئے اور صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، امام الحق بھی 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کپتان بابر اعظم 5 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، افتخار احمد صرف 9 رنز بناسکے، محمد نواز نے 39 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان 32 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ 
نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لاڈے نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 
اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد ڈچ کپتان اسکاٹ ایڈورڈ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گزشتہ کچھ برسوں میں پاکستان کے خلاف میچز کھیلے ہیں، اس میچ میں اپنا تجربہ کام میں لائیں گے اور گرین شرٹس کو کم اسکور پر آؤٹ کرنےکی کوشش کریں گے۔ 
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ آج کے میچ میں فخر اور امام اوپننگ کریں گے۔ آج کے میچ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور 290 سے زائد اسکور کرکے اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔  
میگا ایونٹ سے قبل ہونے والے وارم اپ میچز میں پاکستان کو اپنے دونوں وارم میچز میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے شکست ہوئی اس لیے نیدر لینڈز سے جیت ٹیم کا حوصلہ بڑھائے گی جب کہ حریف ڈچ ٹیم کے وارم اپ میچز بارش کی نذر ہونے کے باعث اسے میگا ایونٹ کی بھرپور تیاری کا موقع نہیں مل سکا۔ 
نیدرلینڈز کی ٹیم اپ سیٹ کے ارادے سے میدان میں اترے گی اور اعداد وشمار کے مطابق پاور پلے میں نیدر لینڈز کی بیٹنگ مضبوط ہے اور ابتدائی دس اوورز میں زیادہ ایوریج سے رنز بنانے والی دوسری ٹیم ہے جس کے پاس بہترین اسپنرز بھی ہیں جب کہ آل راونڈر باس ڈی لیڈے ٹیم کے اہم کھلاڑی ثابت ہو سکتے ہیں۔ تاہم اسپن بولنگ کو کھیلنا ہی نیدر لینڈ ٹیم کی سب سے بڑی کمزور ہے اور آج میچ میں شاداب اور نواز کے ساتھ افتخار احمد کا کردار بھی اہم ہوسکتا ہے۔