news
English

پاک نیوزی لینڈ وارم اپ میچ بند دروازوں کے پیچھے ہوگا

سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

پاک نیوزی لینڈ وارم اپ میچ بند دروازوں کے پیچھے ہوگا

ورلڈکپ سے قبل حیدر آباد میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وارم اپ میچ بند دروازوں کے پیچھے ہوگا۔ 
ورلڈکپ سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 29ستمبر کو حیدرآباد میں پریکٹس میچ میں تیاریوں کی جانچ کریں گی، راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں شیڈول مقابلے میں تماشائیوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ 
سٹی پولیس نے حیدر آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے منتظمین سے کہا تھا کہ مذہبی تہواروں کی وجہ سے اسٹیڈیم میں سیکیورٹی فراہم کرنا مشکل ہوگا، لہٰذا اس میچ کو کہیں اور منتقل کردیا جائے۔ 
دوسری جانب آئی سی سی اور بی سی سی آئی بعض تبدیلیوں کے بعد شیڈول کو حتمی شکل دے چکے تھے، لاجسٹک مسائل کی وجہ سے وینیو کی تبدیلی ممکن نہیں تھی، اس لیے مسئلے کا حل یہی نکالا گیا کہ دونوں ٹیمیں بغیر کراؤڈ کے وارم اپ میچ کھیلیں۔ 
بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اسٹیڈیم کے بند دروازوں کے پیچھے ایکشن میں ہوں گی، جو شائقین ٹکٹ خرید چکے ہیں ان کو رقم کی واپسی کا شیڈول بھی جلد جاری کردیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ ورلڈکپ میں حیدرآباد 9اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز کے مقابلے کا میزبان ہوگا، اگلے روز پاکستان اور سری لنکا کا میچ بھی اسی وینیو پر کھیلا جائے گا۔ 
پولیس حکام کے مطابق ان میچز میں سخت حفاظتی حصار قائم ہوگا، جبکہ 3ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر مستعد ہوں گے، پاکستانی ٹیم کے ہوٹل کے باہر بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔