news
English

ورلڈکپ 2023 میں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 15 اکتوبر کو ہونےکا امکان

کرک بز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 13 اکتوبر کو کوالیفائنگ ٹیم کے خلاف کھیلے گا۔

ورلڈکپ 2023 میں پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 15 اکتوبر کو ہونےکا امکان

کرک بز کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق گرین شرٹس کے حیدرآباد، چنئی اور بنگلورو میں اپنے میچز کھیلنے کی توقع ہے۔ رواں برس بھارت میں ماہِ اکتوبر میں ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق ورلڈکپ میں 10 ٹیموں کے درمیان 48 میچز کھیلے جائیں گے، بھارت کا پہلا میچ آسٹریلیا کے خلاف 8 اکتوبر کو چنئی میں ہوگا جب کہ پاکستان اپنا افتتاحی میچ 13 اکتوبر کو کوالیفائنگ ٹیم کے خلاف کھیلے گا۔

میگا ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا یعنی پاکستان اور بھارت کا میچ 15 اکتوبر کو اتوار کے روز ہوگا، امکان ہے کہ یہ میچ نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں ہوگا۔ 

دوسری جانب بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں کھیلنے پر تحفظات ظاہر کیے ہیں تاہم پاکستان بمقابلہ بھارت کے مقام کا حتمی فیصلہ اب تک نہیں ہوسکا ہے۔

بھارتی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس سال ورلڈکپ کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ کریں گے تاہم اگر پاکستان فائنل میں پہنچا تو فائنل احمد آباد میں کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گرین شرٹس کے حیدرآباد، چنئی اور بنگلورو میں اپنے میچز کھیلنے کی توقع ہے۔

ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ 

میگا ایونٹ میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں سے میزبان بھارت، پاکستان، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیوزی لینڈ نے براہ راست ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا ہے جبکہ کوالیفائنگ راؤنڈ سے دو ٹیمیں مین ایونٹ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے مقابلے اس سال جون میں میزبان زمبابوے، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ، عمان، نیپال، امریکا، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور آئرلینڈ کے درمیان ہوں گے۔