مجموعی طور پر 1,250,307 شائقین نے میچز دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کیا، آئی سی سی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کے روز اعلان کیا کہ حال ہی میں ختم ہونے والے مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں ریکارڈ تعداد میں شائقین کرکٹ اسٹیڈیم آئے۔
بھارت کے دس شہروں میں ہونے والے میگا ایونٹ کے میچز کے دوران کل 1,250,307 شائقین اسٹیڈیم آئے، یہ تعداد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 2015ء کے ایونٹ میں شرکت کرنے والے 1,016,420 شائقین کے پچھلے نمبر سے کہیں آگے نکل گئی ہے۔
آئی سی سی نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ " احمد آباد میں جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان گروپ مرحلے کے میچ کے موقع پر اسٹیڈیم آنے والوں کی تعداد1لاکھ سے تجاوز کرچکی تھی، جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سنسنی خیز فائنل میں 90,000 سے زیادہ شائقین نے شرکت کی"۔
آسٹریلیا نے اس ٹائٹل کے فیصلہ کن مقابلے میں بلیو شرٹس کے خلاف چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی
پیٹ کمنز کی قیادت میں کینگروز نے اوپنر ٹریوس ہیڈ کی پلیئر آف دی میچ قرار دی گئی زبردست کارکردگی کی بدولت چھٹا ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا۔
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 2015ء میں ہونے والا ورلڈکپ 10 لاکھ 16 ہزار تماشائیوں نے دیکھا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2019ء میں انگلینڈ میں اسٹیڈیمیں بیٹھ کر میچ دیکھنے والے تماشائیوں کی تعداد 7 لاکھ 52 ہزار تھی۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 نے براڈ کاسٹ اور ڈیجیٹل ویورشپ کے بھی کئی نئے ریکارڈ قائم کردیے ہیں۔