news
English

پاکستانی فیلڈرز کی غلطی پر شیکھر دھون کے طنز کے تیر

دلچسپ فیلڈنگ کے اس واقعے کی طرف پہلے کسی کا دھیان نہیں گیا تھا، بھارتی بلے باز شیکھر دھون نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی تو صارفین ردِ عمل دیئے بغیر نہ رہ سکے۔

پاکستانی فیلڈرز کی غلطی پر شیکھر دھون کے طنز کے تیر

بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے پاکستانی فیلڈنگ کی ایک غلطی کو ایک بار پھر مذاق کا نشانہ بنایا، بھارتی بلے باز نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پلیئرز اور فیلڈنگ کے درمیان نہ ختم ہونے والی محبت کی کہانی، جو کہ ایک طنزیہ فقرہ تھا جس کا مقصد پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ کی خامیوں کو اجاگر کرنا تھا۔ 
تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم کے اوپننگ بلے باز شیکھر دھون نے پاکستان اور آسٹریلیا کے وارم اپ میچ کی ایک ویڈیو شیئر کرکے پاکستانی فیلڈنگ کو طنز اور تنقید کا نشانہ بنایا۔ 
ورلڈ کپ کے باضابطہ آغاز سے قبل وارم اپ میچز کے سلسلے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کھیلا گیا، جس میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 352 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 337 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور یوں میچ آسٹریلیا نے 14 رنز سے جیت لیا۔ اس سے قبل پاکستان کو اپنے پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ سے پانچ وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ تاہم شیکھر دھون نے وارم اپ میچ میں پاکستان کی فیلڈنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ایک ویڈیو شیئر کردی۔ 
میچ کے دوران 23 ویں اوور میں حارث رؤف کی پہلی گیند باؤنڈری پر جانے سے رُک سکتی تھی لیکن وسیم جونیئر اور محمد نواز کی گیند روکنے کی کوشش نے باؤنڈری پار کروادی۔ 
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں فیلڈرز کے درمیان کوئی غلط فہمی ہوگئی تھی جس کی وجہ سے دونوں میں سے کوئی بھی گیند نہ روک پایا اور گیند بائونڈری پار کرگئی۔ 
بھارتی کرکٹر نے اس پر طنزیہ انداز میں لکھا کہ ‘پاکستانی ٹیم اور فیلڈنگ کے درمیان نہ ختم ہونے والی محبت کی کہانی’۔ 
شیکھر دھون کے اس طنز اور تضحیک پر پاکستانی شائقین کرکٹ کی جانب سے انہیں جوابی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کی یاد دلائی جارہی ہے جس میں بھارتی ٹیم سے بھی فیلڈنگ کے دوران کئی غلطیاں ہوئی تھیں۔