news
English

ورلڈکپ: شعیب ملک کا بابراعظم سے کپتانی چھوڑنے کا مطالبہ

بابر مسلسل کپتانی کررہے ہیں لیکن ٹیم کی کارکردگی میں کوئی بہتری نہیں آرہی، آل راؤنڈر۔

ورلڈکپ: شعیب ملک کا بابراعظم سے کپتانی چھوڑنے کا مطالبہ

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست پر آل راؤنڈر شعیب ملک نے بابراعظم سے کپتانی چھوڑنے کا مطالبہ کردیا۔ 
مقامی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ بابراعظم کو قیادت کی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونا چاہیے اور بطور بیٹر کھیلنا چاہیے۔ 

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی یہ رائے دی تھی کہ بابراعظم کو کپتانی چھوڑ دینی چاہیے، وہ بطور کپتان آؤٹ آف دی باکس نہیں سوچتے، بابر مسلسل کپتانی کررہے ہیں لیکن ان کی ذاتی کارکردگی اور مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی میں کوئی بہتری نہیں آرہی، وہ بطور کھلاڑی پاکستان کیلئے بہت کچھ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، اگر ان کی جگہ شاہین شاہ کو قومی ٹیم کا کپتان بنادیا جائے تو بہتر ہوگا۔
سابق کرکٹر اظہر علی نے بھی بھارت کے خلاف میچ میں اچھا آغاز ملنے کے بعد مڈل اوورز میں سلو بیٹنگ کرنے پر بابراعظم اور رضوان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو اٹیک کرنے کی ضرورت تھی لیکن دونوں پلئیرز نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے بھارتی بالرز کو کم بیک کرنے کا موقع ملا۔ 
بھارت کیخلاف میچ میں پاکستان کو 155 رنز پر محض 2 وکٹوں کا نقصان ہوا تھا تاہم گرین شرٹس 191 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی جس پر انہیں تنقید کا سامنا ہے، قومی ٹیم نے اپنی 8 وکٹیں صرف 36 رنز پر گنوائیں اور بھارت نے میچ باآسانی 7 وکٹوں سے جیت لیا۔ 

واضح رہے کہ بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر سمیت کئی سابق کرکٹرز بابراعظم کی کپتانی پر سوالات اُٹھاتے رہے ہیں، سابق کرکٹرز کا موقف تھا کہ بابراعظم کی قیادت میں گرین شرٹس جارحانہ کھیل کھیلنے کے بجائے دفاعی انداز اپنا لیتی ہے جو گرین شرٹس کی متعدد شکستوں کی وجہ ہے۔