news
English

آصف زرداری کی گرفتاری ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے لئے نیک شگون قرار

1992 کے ورلڈ کپ کے دوران بھی آصف زرداری جیل میں تھے، اس بار ٹرافی ہماری ہے، سوشل میڈیا صارفین

آصف زرداری کی گرفتاری ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے لئے نیک شگون قرار

کرکٹ شائقین نے آصف زرداری کی گرفتاری کو ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے لئے نیک شگون قرار دے دیا۔

نیب کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری کی گرفتاری نے سیاسی حلقوں میں بھونچال مچا دیا ہے، ملک بھر میں جلسے جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے اور اپوزیشن بھی سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے تاہم ملکی سیاسی صورت حال کے برعکس کرکٹ شائقین نے سابق صدر مملکت کی گرفتاری کو ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے۔

ٹوئٹر اور فیس بک پر صارفین کا کہنا ہے کہ 1992 کے ورلڈ کپ کے دوران بھی آصف زرداری جیل میں تھے، باقی آپ خود سمجھدار ہیں، ایک اور صارف نے لکھا کہ 92 کے ورلڈ کپ میں بھی آصف علی زرداری کو گرفتار کیا گیاتھا، اب تو مان لو یار، ٹرافی ہماری ہے۔

اسی طرح ایک اور صارف علی رضا کے مطابق آصف زرداری 1992 میں بھی جیل میں تھے اور پاکستان ورلڈ کپ جیت گیا تھا، ایک، ایک کر کے 1992 کے حالات قدرت دہرا رہی ہے، انشاءاللہ یہ کپ بھی ہمارا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگست 1990 میں بے نظیر بھٹو کی پہلی حکومت کی برطرفی کے بعد آصف زرداری پر نواز شریف کے دور میں مختلف کرپشن کیسز بنائے گئے تھے جن کی وجہ سے انہیں1990 سے 1993 کے دوران جیل کی ہوا کھانا پڑی تھی۔