news
English

ورلڈکپ فائنل میں شکست: انوشکاشرما کا دل شکستہ کوہلی کو دلاسہ  

بھارتی بلے باز ویرات کوہلی اور اُن کی اہلیہ و اداکارہ انوشکا شرما کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جوکہ میچ کے اختتام کے بعد لی گئی۔ 

ورلڈکپ فائنل میں شکست: انوشکاشرما کا دل شکستہ کوہلی کو دلاسہ  

بالی ووڈ اسٹار انوشکا شرما نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد اپنے شوہر ویرات کوہلی کو گلے لگاکر دلاسہ دیا۔ 
احمد آباد کے نریندر مودی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر آسٹریلیا چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔ 
میگا ایونٹ کے فائنل میں بھارت کی شکست نے بھارتی ٹیم سمیت وہاں کے شائقین کو صدمے سے دوچار کردیا، وہ بھارت، جو آسٹریلیا کو فائنل میں ہرا کر 2003 کے ورلڈ کپ کا بدلہ لینے والا تھا، آج اپنی ہی ناکامی کے لیے رو رہا ہے۔
ایسے میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی اور اُن کی اہلیہ و اداکارہ انوشکا شرما کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جوکہ میچ کے اختتام کے بعد لی گئی۔
 
وائرل ہونے والی اس تصویر میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد مایوس بلے باز ویرات کوہلی اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے گلے لگے ہوئے ہیں اور وہ اپنے شوہر کا دُکھ کم کرتے ہوئے اُنہیں ہمت اور دلاسہ دے رہی ہیں۔ 
یاد رہے کہ  آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میں بھارت کا 241 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 43 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، ٹریوس ہیڈ مین آف دی میچ جبکہ ویرات کوہلی ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔  
آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھ بار چیمپئن بننے والی ٹیم بن گئی ہے جو اس سے قبل 1987، 1999، 2003، 2007 اور 2015 میں بھی ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔ 

واضح رہے کہ بھارت کی یہ ٹورنامنٹ میں پہلی شکست تھی، بھارتی ٹیم ورلڈ کپ 2023میں اپنے تمام 9 لیگ میچز میں کامیابی کے بعد سیمی فائنل میں بھی کامیاب ہوئی تھی تاہم فائنل میں کینگروز نے بھارتی ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔