news

ورلڈکپ:عرفان پٹھان نے ٹاپ4 ٹیموں میں پاکستان کوشامل نہیں کیا

سابق بھارتی بولر نے میگا ایونٹ میں اپنی پسندیدہ سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے نام کا اعلان کردیا۔

ورلڈکپ:عرفان پٹھان نے ٹاپ4 ٹیموں میں پاکستان کوشامل نہیں کیا

پاکستانی کھلاڑیوں پر تنقید کے نشتر چلانے والے سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے قومی ٹیم کو ورلڈکپ کیلئے ٹاپ فور ٹیموں سے ہی باہر نکال دیا۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر قومی کرکٹرز اور شائقین کرکٹ پر تنقید کرنے والے عرفان پٹھان نے اپنی پسندیدہ چار سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا نام بتادیا، انہوں نے بھارت، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور دفاعی چیمپئین انگلینڈ کو اپنی فیورٹ ٹیموں میں شامل کیا۔
 
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم ایونٹ میں فیورٹ کے طور پر کھیلتی ہوئی دکھائی دے گی، ٹیم میں تجربہ کار اور سینئیر کھلاڑیوں کی موجودگی اور ہوم ایڈوانٹیج سمیت مضبوط بیٹنگ، بولنگ لائن کیساتھ بھارت ٹاپ ٹیم ہے۔ 
سابق آل راؤنڈر نے جنوبی افریقہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پروٹیز کی آئی سی سی ٹورنامنٹس میں شاندار کارکردگی پیش کرنے کی تاریخ رہی ہے اور ان کی حالیہ کارکردگی بھی بہت شاندار رہی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ فارمیٹ میں انگلینڈ کو اپنے جارحانہ اور بے خوف انداز کے لئے جانا جاتا ہے، ان کی بیٹنگ اور بولنگ لائن بہت زبردست ہے جو انہیں ٹورنامنٹ میں ٹاپ فور میں شامل کرتی ہے۔ 
آسٹریلیا کے حوالے سے سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کینگروز کی آئی سی سی ایونٹس میں شاندار کھیل کی تاریخ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، ان کے پاس تجربہ کار ٹیم اور شاندار آل راؤنڈرز موجود ہیں جو کسی بھی وقت گیم کا نقشہ بدل سکتے ہیں۔ 

سابق بھارتی کرکٹر نے ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کو ایشیاکپ میں ناقص کارکردگی کے بعد ٹاپ فور میں جگہ نہیں دی۔