news

ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی شرکت: وزیراعظم نے ہائی پروفائل کمیٹی قائم کردی

ہائی پروفائل کمیٹی کے سربراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ہوں گے

ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی شرکت: وزیراعظم نے ہائی پروفائل کمیٹی قائم کردی

بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرکت سے متعلق ہائی پروفائل کمیٹی قاٸم کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈکپ 2023 میں پاکستانی ٹیم کی میگا ایونٹ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ کرنے کیلئے ہائی پروفاٸل کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی کے سربراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ہوں گے جبکہ دیگر ارکان میں وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ، اعظم تارڑ، احسان مزاری، مریم اورنگزیب، اسعد محمود، امین الحق، قمر زمان کاٸرہ اورطارق فاطمی شامل ہیں۔

ذراٸع کا کہنا ہے کہ کمیٹی بھارت میں ورلڈکپ سے متعلق تمام امورپر سفارشارت مرتب کرے گی جبکہ کمیٹی کی جانب سے دی گئی سفارشات کی روشی میں ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذراٸع نے مزید بتایا کہ حتمی سفارشات منظوری کیلٸے وزراعظم کو بھجوائی جائیں گی بعدازاں قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ سامنے آئے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں شرکت حکومتی اجازت سے مشروط کررکھی ہے۔

واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے شروع ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں کوالیفائر ون کے خلاف میچ سے کرے گا۔

شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا کوالیفائر ٹو سے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

 پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں رکھا گیا ہے، 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی۔

گرین شرٹس کا 5 نومبر کو بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا جوڑ پڑے گا جبکہ 12 نومبر کو قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں میدان میں اُترے گی۔

ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی، دوسرا کولکتہ میں ہوگا، فائنل 19 نومبر کو احمد آباد نریندر مودی میں کھیلا جائے گا۔