پاکستانی اسکواڈ 27 ستمبر کو(آج رات) 8 بجکر 15 منٹ پر (مقامی وقت کے مطابق) بھارتی شہرحیدرآباد میں لینڈ کرے گا۔
بھارت میں شیڈول دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلئے قومی اسکواڈ دبئی پہنچ گیا۔ قومی ٹیم کے 15رکنی اسکواڈ کے ساتھ 3 ریزرو کھلاڑی بھی موجود ہیں جب کہ کوچز اور معاون عملہ سمیت 13 ارکان بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی ٹیم بھارت میں کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلیے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی روانہ ہوئی۔ 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ 3 ریزرو کھلاڑی بھی موجود ہیں جبکہ کوچز اور معاون عملہ سمیت 13 ارکان بھی قومی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
بولنگ کوچ مورنے مورکل دبئی میں اسکواڈ کوجوائن کریں گے جب کہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر 30 ستمبر کو انگلینڈ سے براہ راست بھارت پہنچیں گے۔
دبئی میں 9 گھنٹے قیام کے بعد قومی اسکواڈ کی اگلی منزل حیدرآباد ہوگی، قومی اسکواڈ بھارتی وقت کے مطابق رات 8:15 بجے حیدرآباد پہنچے گا۔ گرین شرٹس کا پہلا وارم اپ میچ جمعہ کے روز نیوزی لینڈ سے ہوگا تاہم سیکورٹی خدشات کے باعث یہ میچ شائقین کے بغیر خالی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔